نیویارک،اقوام متحدہ کے سامنے کشمیریوں کی احتجاجی ریلی ،بھارتی قبضے سے آزادی کا مطالبہ

:امریکا بھر سے کشمیریوں اور ان کے حامیوں نے اقوام متحدہ کی عمارت کے سامنے احتجاجی ریلی نکالی تاکہ عالمی ادارے پر زوردیاجائے کہ وہ بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط جموں و کشمیر میں استصواب رائے کے اپنے وعدے کو پورا کرے تاکہ کشمیری حق خودارادیت کے استعمال کے ذریعے اپنے سیاسی مستقبل کا فیصلہ خود کرسکیں۔

کشمیر میڈیا سروس کے مطابق ریلی اس وقت نکالی گئی جب بھارت کے وزیر خارجہ ایس جے شنکر اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب کر رہے تھے۔مظاہرین نے 5اگست 2019کے بھارت کے غیر قانونی اقدامات کی مذمت کی جن کے تحت کشمیر کی خصوصی حیثیت کو ختم کر دیاگیا۔ مظاہرین نے بھارت کے خلاف نعرے لگائے ،انہوں نے ہاتھوں میں پلے کارڈزاٹھارکھے تھے جن پر’’بھارت: اقوام متحدہ کی قراردادوں کا احترام کرو‘‘،’’دہشت گرد کون ہے؟ مودی، مودی‘‘،’’آزادی سب کے لیے، آزادی کشمیریوں کے لئے ‘‘، ’’بھارتی فوج: کشمیرکو چھوڑدو‘‘ ،’’کشمیر سے فوج کو نکال دو‘‘،’’بھارت: اقوام متحدہ میں کئے گئے وعدوں کا احترام کرو‘‘، ’’جاگ جائو جاگ جائو اقوام متحدہ جاگ جائو‘‘،’’ ہم یاسین ملک کے لیے انصاف کا مطالبہ کرتے ہیں‘‘ اور ’’بھارت: تمام سیاسی قیدیوں کو رہا کرو ‘‘جیسے نعرے درج تھے۔

علاوہ ازیں واشنگٹن میں قائم خالصتان افیئر سینٹر کے سربراہ ڈاکٹر امرجیت سنگھ کی قیادت میں سکھوں کی ایک بڑی تعداد نے بھی احتجاجی مظاہرہ کیا ۔مقررین نے جموں و کشمیر میں آبادی کا تناسب تبدیل کرنے کی بھارتی حکومت کی کوششوں کی مذمت کی۔ انہوں نے محمد یاسین ملک سمیت کشمیری رہنمائوں کی رہائی کا بھی مطالبہ کیا۔ورلڈ کشمیر اویئرنس فورم کے صدر ڈاکٹر غلام نبی میر نے ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم ایک بار پھر دنیا کویہ بتانے کے لیے اقوام متحدہ میں حاضرہوئے ہیں کہ وہ گزشتہ 76سال سے کشمیریوں کے بنیادی حقوق کا تحفظ کرنے میں ناکام رہا ہے۔

اس موقع پر صدر آزاد کشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے ویڈیو لنک کے ذریعے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کشمیر کی سنگین صورتحال اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی توجہ کی متقاضی ہے ۔ ورلڈ فورم فار پیس اینڈ جسٹس کے چیئرمین ڈاکٹر غلام نبی فائی نے عالمی ادارے سے اپیل کی کہ انسانی حقوق، کشمیریوں کے مفادات اور بھارت اورپاکستان کے اہم مفادات کے تحفظ کے حوالے سے بنیادی اصول طے کیے جائیں اور ان پر عمل کیا جائے اور پھر ان مقاصد کی طرف قدم بڑھایا جائے جس کے نتیجے میں ایک ایسا حل سامنے آئے جو سب کے لیے جیت ہو۔ ریلی سے آزاد کشمیر اسمبلی کے رکن ڈاکٹر پیر علی رضا بخاری ،وزیراعظم آزاد کشمیر کے سابق مشیر سردار سوار خان اوردیگر نے بھی خطاب کیا۔

Daily Askar

Comments are closed.