نیپال نے ایشین گیمز مینز کرکٹ ایونٹ کے ابتدائی میچ میں منگولیا کو بڑے مارجن 273 رنز سے ہرا کر باقی ٹیموں کے لئے خطرے کی گھنٹی بجا دی
کوشال مالا کی ناقابل شکست سنچری اور دیپیندرا سنگھ کی ناقابل شکست نصف سنچری کی بدولت نیپال کی ٹیم نے ایشین گیمز مینز کرکٹ ایونٹ گروپ اے کے ابتدائی میچ میں منگولیا کو بڑے مارجن 273 رنز سے ہرا دیا۔
چینی شہر ہانگ زو میں جاری ایشین گیمز میں مینز کرکٹ ایونٹ میں بدھ کو کھیلے گئے گروپ اے کے ابتدائی ٹی ٹونٹی میچ میں نیپال نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر 314 رنز بناکر نہ صرف ٹی ٹونٹی کرکٹ کی تاریخ میں بڑے مجموعہ ترتیب دینے کا ریکارڈ قائم کیا بلکہ منگولیا کو میچ میں کامیابی کے لئے پہاڑ جیسا 315 رنز کا ہدف دیا۔
نیپالی ٹیم کے کوشال مالا نے 50 گیندوں پر ناقابلِ شکست 137 رنز بنائے جبکہ انہوں نے 34 گیندوں پر تیزترین سنچری سکور کر کے ٹی ٹونٹی کرکٹ میں تیز ترین سنچری کا عالمی ریکارڈ قائم کر دیا، دیپندرہ سنگھ ایری نے 10 گیندوں پر 52 رنز ناٹ آؤٹ بنائے،
انہوں نے 9 گیندوں پر تیز ترین نصف سنچری سکور کر کے ٹی ٹونٹی کرکٹ میں تیز ترین نصف سنچری کا ریکارڈ قائم کیا۔کپتان روہت پاؤڈل نے 27 گیندوں پر 61 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔ نیپال کے 315 رنز ہدف کے مقابلے پر منگولیا کی پوری ٹیم محض 41 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی ۔ نیپالی بائولرز کی عمدہ بائولنگ کی بدولت منگولیا کے صرف دو کھلاڑی دو سے زیادہ رنز بنا سکے۔یوں نیپال کی ٹیم نے ایشین گیمز مینز کرکٹ ایونٹ گروپ اے کے ابتدائی میچ میں منگولیا کو بڑے مارجن 273 رنز سے ہرا دیا۔
Comments are closed.