سعودی کابینہ کا یمن میں امن عمل کے لیے روڈ میپ کا خیر مقدم

ریاض ۔27دسمبر (اے پی پی):سعودی عرب کی مجلس شوریٰ نے یمن میں امن عمل کی سپورٹ کے لیے مجوزہ روڈ میپ کا خیر مقدم کیا ہے۔ ایس پی اے کے مطابق ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی زیر صدارت کابینہ کے اجلاس میں یمن اوراس کے عوام کےلیے مملکت کی حمایت و معاونت جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا گیا ۔

یمنی فریقین کو ترغیب دی کہ وہ اقوام متحدہ کی نگرانی میں ایک جامع اور دیرپا سیاسی حل کےلیے بات چیت میں شامل ہوں۔اجلاس میں علاقائی اور بین الاقوامی پیش رفت خاص طور پر فلسطینی علاقوں کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔کابینہ نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی طرف سے غزہ کےلیے انسانی امداد میں اضافے کے فیصلے کا خیر مقدم کیا اورعالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ اپنی ذمہ داری پوری کرے۔قابض اسرائیلی حکام کی جانب سے شہریوں کے خلاف بین الاقوامی اورجنگی قوانین کی منظم خلاف ورزیوں کو فوری طور پر بند کرنے پر زور دیا گیا۔

کابینہ نے موجودہ سال کے معاشی نتائج اور مملکت کے تمام علاقوں میں جامع اقتصادی ترقی میں کردار کرنے والے ترقیاتی منصوبوں، پروگرام اور منصوبوں کا جائزہ لیا جو وژن 2030 کے اہداف کے مطابق ہیں۔کابینہ نے ان کمپنیوں کے ساتھ حکومتی معاہدوں پر اثر انداز ہونے والے اہم ضوابط کی منظوری دی جن کے مملکت میں علاقائی ہیڈ کوارٹر نہیں ہیں۔اجلاس میں سعودی فوڈ اینڈ ڈرگ اتھارٹی کی انٹرنیشنل میڈیکل ڈیوائس ریگولیٹرز فورم میں شمولیت کی توثیق کی گئی۔برطانیہ کی سیکریٹ انٹیلی جنس سروس کے ساتھ دہشت گردی سے نمٹنے کےلیے مفاہمت کی یادداشت کی منظوری بھی دی گئی۔

Web Desk

Comments are closed.