اسرائیل نے سلامتی کونسل کو مذاق بنا کر رکھ دیا ہے، اقوام متحدہ
اقوام متحدہ ۔27دسمبر (اے پی پی):اقوام متحدہ میں فلسطین کے نمائندے ریاض منصور نے کہا ہے کہ اسرائیل نے سلامتی کونسل کو مذاق بنا کر رکھ دیا ہے ۔
الجزیرہ کے مطابق سلامتی کونسل کے صدر کے نام ایک خط میں انہوں نے کہا کہ سلامتی کونسل کی طرف سے قرار داد نمبر 2720 ، جس میں غزہ کو جانے والے راستے کھولنے اور وہاں انسانی ہمدردی کی بنیاد پر امداد فراہم کرنے کو کہا گیا ہے، کو منظور کئے ہوئے چار دن گزر چکے ہیں اور اسرائیل نے ا ن چار دنوں میں نہ صرف غزہ میں فوجی کارروائیاں جاری رکھی ہیں بلکہ ان میں اضافہ کیا ہے۔ اسرائیل اپنے ہر قول و فعل سے یہ ثابت کر رہا ہے کہ وہ آباد کار، نوآبادیاتی قابض، نسل پرست حکومت اور دہشت گرد ریاست ہے۔
خط میں کہا گیا ہے کہ اسرائیلی جرائم کی فہرست میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے ۔ اس سب کے باوجود کچھ ممالک اسرائیل کے خلاف کسی بھی فورم پر کارروائی کو روکنے کےلئے بہانے بناتے ہیں، اس کی طرف سے بین الاقوامی قانون کی کھلی خلاف ورزیوں کا جواز پیش کرتے ہیں اور اسرائیل کو اس کے جنگی جرائم اور انسانیت کے خلاف جرائم کی جوابدہی سے بچاتے ہیں اور اس کی سیاسی، عسکری، مالی اور قانونی حمایت جاری رکھے ہوئےہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ اسرائیل اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل ، جنرل اسمبلی اور پوری عالمی برادری کو حقارت سے ٹھکرا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں ایک اور قرارداد کو 14 دن ہو چکے ہیں اس کے باوجود اسرائیل فلسطینیوں کے خلاف اپنی نسل کشی کی جنگ جاری رکھے ہوئے ہے۔
Comments are closed.