ایف آئی اے کارروائی، جعلی شناختی کارڈکے اجراء میں ملوث نادرا کے 4 سابق افسران گرفتار

اسلام آباد۔27دسمبر (اے پی پی):وفاقی تحقیقاتی ادارہ (ایف آئی اے ) نے غیر قانونی طور پر قومی شناختی کارڑ کے اجراء میں ملوث نادرا کے 4 سابق افسران کو گرفتار کر لیا ہے ، یہ ملزمان نادرا میگا سینٹر اسلام آباد میں بطور ڈپٹی اسسٹنٹ ڈائریکٹر اور سینئر ایگزیکٹو تعینات رہے۔

ترجمان ایف آئی اے کے مطابق قومی شناختی کارڈز کے غیر قانونی اجراء کیس میں بڑی پیشرفت ہوئی ہے ۔ڈپٹی ڈائریکٹر اینٹی کرپشن سرکل اسلام آباد افضل خان نیازی کی ہدایت پر کارروائی کرتے ہوئے ایف آئی اے ٹیم نے جعلی شناختی کارڈ بنانے میں ملوث 4 رکنی گینگ گرفتار کر لیا ہے ، گرفتار ملزمان میں محمد طاہر، عدنان عمار، محمد عامر خان اور محمد طیب شامل شامل ہیں ۔

یہ ملزمان نادرا میگا سینٹر اسلام آباد میں مختلف عہدوں پر تعینات رہے ۔ ملزمان نے دوران تعیناتی سال 2019 ء اور 2020 ء میں غیر ملکیوں کو شناختی کارڈ جاری کئے۔ملزمان غیر قانونی طریقے سے احساس پروگرام کے نام پر مزدور طبقے کا بائیو میٹرک لیتے تھے اور فیملی ٹری میں افغان شہریوں کا اندراج کرتے تھے۔

ملزمان مختلف ایجنٹوں کی ملی بھگت سے سادہ لوح شہریوں کو رقوم کا لالچ دے کر اپنے جال میں پھنساتے تھے۔گرفتار ملزمان مزدور طبقے کو چند روپوں کا لالچ دے کر فیملی ٹری کا غیر قانونی استعمال بھی کرتے تھے۔ملزمان نے متعدد مزدوروں کی فیملی ٹری میں افغان شہریوں کا اندراج کیا۔ملزمان دیہاڑی دار مزدوروں اور نشے کے عادی لوگوں کو افغان شہریوں کا والد ظاہر کرتے تھے۔دوران تعیناتی گرفتار ملزمان نے متعدد شناختی کارڈز جاری کئے۔

ملزمان نے شناختی کارڈ جاری کرنے کی آڑ میں بھاری رقوم وصول کیں۔چاروں ملزمان کو اسلام آباد سے گرفتار کیا گیا۔ملزمان کو گرفتار کر کے تفتیش کا آغاز کر دیا گیاظ دوران تفتیش مزید انکشافات متوقع ہیں ۔

Web Desk

Comments are closed.