وزیراعلی محسن نقوی کا گنگارام ہسپتال کادورہ، صفائی کے ناقص انتظامات، غلیظ ترین واش رومز، گندگی کے ڈھیر،آپریشن کرانے کیلئے پیسے لینے کی شکایات
وزیراعلی محسن نقوی ناقص انتظامات پر شدید برہم،ایم ایس کو آخری وارننگ، حالت زار درست نہ ہوئی تو ذمہ دار آپ ہوں گے۔ محسن نقوی اگر ایم ایس ہسپتال کاایک بھی راؤنڈ لگا تے تو صفائی کی ایسی صورتحال نہ ہوتی، آئندہ وزٹ پر مجھے یہاں گندگی نہیں نظر آنی چاہیے آپریشن کیلئے پیسے لینے کے واقعہ کی وزیر اعلیٰ انسپکشن ٹیم سے انکوائری کا حکم،انکوائری ٹیم آج شام تک انکوائری رپورٹ پیش کریگی وزیر اعلیٰ نے ہسپتال کے اپ گریڈیشن کے کاموں کا معائنہ کیا، اپ گریڈیشن کو مقررہ مدت میں مکمل کرنے کا حکم، سست روی قطعاً برداشت نہیں کی جائے گی
لاہور27دسمبر(نمائندہ عسکر): وزیراعلی پنجاب محسن نقوی نے آج گنگارام ہسپتال کااچانک دورہ کیا جہاں صفائی کے ناقص انتظامات تھے، غلیظ ترین واش رومز اور گندگی کے ڈھیر لگے ہوئے تھے۔ ہسپتال میں موجود مریضوں اور لواحقین نے آپریشن کرانے کے لئے پیسے لینے کی شکایات کیں۔ ایک خاتون مریض نے ادویات باہر سے منگوانے کے حوالے سے بھی شکایت کی۔ وزیراعلی محسن نقوی نے شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ایم ایس ہسپتال کو آخری وارننگ دی اور کہا کہ ہسپتال کے امور کو فی الفور درست کیا جائے۔ آخری وارننگ دے رہا ہوں، جلد دوبارہ وزٹ کروں گا، حالت زار درست نہ ہوئی تو ذمہ دار آپ ہوں گے۔ وزیر اعلیٰ محسن نقوی نے آپریشن کے لئے پیسے لینے کے واقعہ کی وزیر اعلیٰ انسپکشن ٹیم سے انکوائری کا حکم دیا اورسی ایم آئی ٹی کو فوری طور پر ہسپتال پہنچنے کی ہدایت کی۔ سی ایم آئی ٹی آج شام تک انکوائری رپورٹ وزیر اعلیٰ کو پیش کرے گی۔ وزیر اعلیٰ محسن نقوی نے مریض سے لیے گئے پیسے واپس کرنے کا حکم دیا۔ وزیر اعلیٰ محسن نقوی نے ایم ایس سے کہا کہ اگر آپ ہسپتال کا ایک بھی راؤنڈ لگا تے تو صفائی کی ایسی صورتحال نہ ہوتی۔ آئندہ وزٹ پر مجھے یہاں گندگی نہیں نظر آنی چاہیے۔ وزیر اعلیٰ محسن نقوی نے صفائی کے انتظامات بہترکرنے کا حکم دیا۔ وزیر اعلیٰ محسن نقوی نے گنگا رام ہسپتال کے اپ گریڈیشن کے کاموں کا معائنہ کیا اور جاری تعمیراتی سرگرمیوں کا جائزہ بھی لیا۔ محسن نقوی نے ہسپتال کے اپ گریڈیشن کے پراجیکٹ کو مقررہ مدت میں مکمل کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ اپ گریڈیشن کے کاموں میں سست روی قطعاً برداشت نہیں کی جائے گی۔
Comments are closed.