گورنر حاجی غلام علی سے ہندکوان تحفظ فاونڈیشن کے 15 رکنی وفدکی گورنرہاوس میں ملاقات
ملاقات میں تاریخی زبان ہندکو کے تحفظ اورفروغ سے متعلق امور پرگفتگو وفد کی قیادت سابق معاون خصوصی ملک مہرالٰہی اور سید فیاض علی شاہ کررہے تھے،گورنر کو فاونڈیشن کے کنونشن اور حلف برداری میں شرکت کی دعوت گورنرسے ہائی کورٹ بارکے وکلاء کی 15 رکنی وفد سمیت صوبے کے دیگر اضلاع کے نمائندہ وفود کی بھی الگ الگ ملاقاتیں، مختلف امور پرتبادلہ خیال
پشاور،27 دسمبر (نمائندہ عسکر) : گورنر خیبرپختونخوا حاجی غلام علی سے سابق معاون خصوصی ملک مہرالٰہی اور سیدفیاض علی شاہ کی قیادت میں ہندکوان تحفظ فاونڈیشن کے 15 رکنی وفد نے بدھ کے روزگورنرہاوس میں ملاقات کی۔وفد میں چیئرمین فاونڈیشن حاجی امین حسین بابر، صدر ملک شان الٰہی، ایڈیشنل وائس چیئرمین غلام بلال جاوید، جنرل سیکرٹری ناصر جمال، ڈپٹی جنرل سیکرٹری احسان عارف، وائس چیئرمین رضوان صراف، سینئر وائس پریزیڈنٹ عمران نوید، سینئر وائس پریزیڈنٹ میاں محمد عقیل، مولانا حسین احمد مدنی، سابقہ سینئر وائس پریزیڈنٹ پشاور چیمبر حاجی وحید اور ایگزیکٹو ممبر فیڈریشن آف پاکستان چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری شہزاد احمد صدیقی اور تیمور نوازشامل تھے۔
اس موقع پر میئر پشاور حاجی زبیر علی بھی موجود تھے۔ وفد نے گورنرسے ہندکوزبان کے تحفظ اور فروغ سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا اور سکولوں سمیت دیگرتعلیمی اداروں میں ہندکوپڑھانے کیلئے اقدامات اٹھانے کی درخواست کی تاکہ یہ تاریخی زبان محفوظ رہ سکے۔ انہوں نے گورنرکو14 جنوری 2024ء کو فاونڈیشن کے کنونشن اور حلف برداری میں بحیثیت مہمان خصوصی شرکت کی دعوت بھی دی۔انہوں نے میئرپشاور حاجی زبیرعلی کاخصوصی طور پر شکریہ ادا کیا کہ وہ فاؤنڈیشن کیساتھ مکمل تعاون کررہے ہیں۔وفد نے گورنر اور صوبائی حکومت سے بھی ہندکو زبان کے تحفظ اورفروغ کیلئے کردار ادا کرنے کی درخواست کی۔ گورنرنے وفد کے مسائل کے حل کیلئے اپنی جانب سے مکمل تعاون کا یقین دلایا اور کنونشن میں شرکت کی دعوت بھی قبول کی۔گورنرنے کہاکہ جس طرح پشاورتاریخی شہر ہے اسی طرح ہندکو بھی ایک تاریخی زبان ہے۔اب چونکہ پشاور مختلف اقوام اورزبانوں کا مرکز رہاہے اس لحاظ سے ہندکووان تحفظ فاؤنڈیشن کاقیام لائق تحسین ہے جس سے وہ نہ صرف اپنے کلچر بلکہ زبان کوبھی محفوظ کرنے کی جدوجہد کررہے ہیں۔گورنرنے کہاکہ وہ خود پشاورشہر سے ہیں اورفاؤنڈیشن کے ساتھ مکمل تعاون کریں گے۔انہوں نے کہاکہ پشاورکے عوام نے ان کاہمیشہ ساتھ اورپیار دیا ہے جس پرمیں آپ سب کامشکور ہوں۔علاوہ ازیں گورنرسے ہائی کورٹ بار کے وکلاء کی 15 رکنی وفد نے بھی بلال خلیل ایڈوکیٹ کی سربراہی میں گورنرہاوس میں ملاقات کی۔ وفد میں سید شبیر احمد، وقار خلیل ایڈوکیٹ، ڈاکٹر مظہر علی شاہ، آفتاب خان، ذیشان خان ایڈوکیٹ اور دیگر شامل تھے۔ وفد کے شرکاء نے ملاقات کاموقع فراہم کرنے پرگورنر کا شکریہ ادا کیا اور گورنر کو درپیش مسائل سے آگاہ کیا جس پر گورنرنے مسائل کے حل کیلئے اپنی جانب سے مکمل تعاون کا یقین دلایا۔ دریں اثناء گورنرسے صوبے کے دیگرمختلف اضلاع سے بھی نمائندہ وفود نے الگ الگ ملاقاتیں کی اور مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا۔
Comments are closed.