سال 2024 “بہترین اور منصفانہ مقدمات کا سال” قرار، پراسیکیوٹر جنرل پنجاب کا نظام عدل کی بہتری کے لئے اقدامات کا اعلان

لاہور، 27 دسمبر (نمائندہ عسکر): پنجاب کے پبلک پروسیکیوشن ڈیپارٹمنٹ نے جرائم کے نظامِ انصاف کو مزید موثر بنانے اور عوام کے اعتماد کو برقرار رکھنے کے لئے 2024 کو “بہترین اور منصفانہ مقدمات کا سال” قرار دیا ہے۔ اس اہم اقدام کے تحت، محکمہ نے پنجاب کے تمام ضلعی پبلک پروسیکیوٹر دفاتر میں مقدمات کی سہولت کے مراکز کے قیام کے لئے جامع گائیڈ لائنز متعارف کرائی ہیں۔

یہ مراکز، پولیس اور پراسیکیوشن کے درمیان تعاون کو فروغ دینے کے لئے بنائے گئے ہیں جو عوام کو قانونی معاملات میں تعاون فراہم کریں گے۔ پبلک پراسیکیوٹر جنرل سید فرحاد علی شاہ نے کہا، “ہم نے سترہ سال سے زیادہ عرصے سے پولیس اور پروسیکیوشن کے درمیان رابطے میں کمی کا مشاہدہ کیا ہے، خاص طور پر مقدمے کے ابتدائی مراحل میں۔ یہ گائیڈ لائنز اس مسئلے سے براہ راست نمٹتی ہیں، مخصوص ٹیمیں اور قابل رسائی پراسیکیوش سہولت سنٹرز قائم کرنے کا مقصد تحقیقات میں تیزی لانا، مقدمے کو مضبوط بنانا اور آخر کار فوری اور منصفانہ انصاف فراہم کرنا ہے۔”

گائیڈ لائنز کی روشنی میں پبلک پراسیکیوٹرز کو پری ٹرائل پراسیکیوشن اور ٹرائل پراسیکیوشن ٹیموں میں تقسیم کیا جائے گا، پہلی ٹیم ایف آئی آر درج ہونے سے لیکر چالان جمع ہونے تک تمام ابتدائی مراحل کو دیکھے گی جبکہ دوسری ٹیم مقدمے کے عدالتی امور کی ذمہ دار ہو گی اور ہر مرحلے پر ماہرین کی خدمات کو یقینی بنایا جائے گا۔ قابل رسائی مراکز پری ٹرائل ٹیموں کی سہولت کریں گے، پولیس افسروں کو چالان جمع کروانے، رہنمائی لینے اور موثر تعاون کے مواقع فراہم کریں گے۔

پولیس افسران مقدمہ کا چالان پراسیکیوٹر بروقت کو جمع کروانے کے پابند ہوں گے۔ جبکہ ابتدائی مراحل میں تحقیقات کی مہارت اور پولیس اور پراسیکیوٹر کا تعاون مضبوط مقدمات کی جانب لے جائے گا، سزا کی شرح میں اضافہ کرے گا اور جرائم کی روک تھام میں مددگار ثابت ہوگا۔ عوام کیلئے قابل رسائی پراسیکیوشن مراکز عوام اور نظام عدل کے درمیان اعتماد کو فروغ دے گا۔ پراسیکیوشن سہولت مراکز میں وکیل، مدعی، تحقیقاتی افسران، ایس ایچ اوز سمیت کوئی بھی متعلقہ شخص رہنمائی حاصل کر سکتا ہے۔

پبلک پراسیکیوشن ڈپارٹمنٹ کا اقدام پنجاب میں ایک زیادہ موثر، منصفانہ اور قابل رسائی نظام عدل کی تشکیل کی جانب ایک اہم قدم ہے۔ مربوط کوششوں، اسٹیک ہولڈرز کے تعاون اور پختہ عزم کے ساتھ، “بہترین اور منصفانہ مقدمات کا سال” صوبے میں جرائم اور انصاف کے منظرنامے کو بدلنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

Web Desk

Comments are closed.