ڈی جی رینجرز(سندھ) کی زیر صدارت سکیورٹی بارے اعلی سطحی اجلاس،جرائم پیشہ افراد کے خلاف آپریشن تیز کرنےکی ہدایت

کراچی۔ 27 دسمبر (نمائندہ عسکر):ڈی جی رینجرز(سندھ)میجر جنرل اظہر وقاص کی زیر صدارت ہیڈ کوارٹرز پاکستان رینجرزسندھ میں سکیورٹی کے حوالے سے اعلی سطحی اجلاس منعقد ہوا ،جس میں کراچی میں امن و امان کی صورتحال ،سٹریٹ کرائمز،سنیچنگ و دیگر جرائم کی روک تھام اوربالخصوص نئے سال کی تقریبات کی مناسبت سے سکیورٹی کا جائزہ لیا گیا۔

ترجمان سندھ رینجرز کے بدھ کو جاری اعلامیہ کے مطابق اجلاس میں ایڈیشنل آئی جی کراچی خادم حسین رند، ڈی آئی جی سی ٹی ڈی، ڈی آئی جیز(سپیشل برانچ، ایسٹ، سائوتھ، ویسٹ، سی آئی اے اور ٹریفک)، پولیس، رینجرز اور حساس اداروں کے اعلی افسران نے شرکت کی۔اجلاس میں لا انفورسمنٹ ایجنسیز کی جانب سے عادی جرائم پیشہ افراد کے خلاف رینجرز اور پولیس کے مشترکہ آپریشن تیز کرنے اور شہر کے داخلی و خارجی راستوں پر چیکنگ کے عمل کو مزید سخت بنانے کی ہدایات جاری کی گئیں۔

اجلاس میں نئے سال کی تقریبات کی سکیورٹی کو فول پروف بنانے، پٹرولنگ اور بین الصوبائی چیکنگ پوائنٹس پر سنیپ چیکنگ کے عمل کو مزید موثر بنانے کے لیے رینجرز، پولیس اور دیگرلا انفورسمنٹ ایجنسیز کی جانب سے مشترکہ لائحہ عمل مرتب کیا گیا۔ اجلاس میں حکومت کے جاری کردہ احکامات کی روشنی میں سال نو کے موقع پر اسلحہ کی نمائش،ہوائی فائرنگ سمیت ڈبل سواری پرپابندی کو یقینی بنانے اور قانون کی خلاف ورزی کرنے والے افراد کے خلاف کارروائی کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔

اجلاس میں عوام سے اپیل کی گئی کہ وہ کسی بھی شرپسند عناصر، مشکوک سرگرمی اور ناخوش گوار واقعہ کی فوری اطلاع تعینات رینجرز اہلکار، رینجرز ہیلپ لائن 1101، رینجرز مدد گار واٹس ایپ نمبر 03479001111 پر کال یا ایس ایم ایس کے ذریعے دیں۔

Web Desk

Comments are closed.