سفیر آمنہ بلوچ کی بیلجیئم اور لکسمبرگ میں مقیم پاکستانی برادری کے ساتھ ورچوئل کھلی کچہری

برسلز۔27دسمبر (اے پی پی):یورپی یونین، بیلجیئم اور لکسمبرگ میں پاکستان کی سفیر آمنہ بلوچ نے بیلجیئم اور لکسمبرگ میں مقیم پاکستانیوں کے ساتھ ماہانہ ورچوئل کھلی کچہری کا انعقاد کیا۔ بیلجیئم میں پاکستانی سفارت خانے کے پریس ریلیز کے مطابق اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے سفیر آمنہ بلوچ نے اس بات پر زور دیا کہ کھلی کچہری سیشنز نے سفارت خانے اور پاکستانی کمیونٹی کے درمیان براہ راست رابطے کے لئے ایک فورم فراہم کیا ہے جس نے خدمات کی فراہمی کو بہتر بنانے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔

انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ سفارت خانہ کمیونٹی کے ساتھ قریبی رابطہ استوار رکھے گا تاکہ ان کی تجاویز و آراء کو شامل کرکے بہترین ممکنہ خدمات فراہم کی جا سکیں۔سفیر پاکستان نے کہا کہ اس ورچوئل نشست کا بنیادی مقصد پاکستانی برادری کے ساتھ قریبی روابط کو برقرار رکھنا اور انہیں بلاتعطل خدمات فراہم کرنا ہے۔

ورچوئل بات چیت میں طالب علموں، کاروباری، سماجی اور میڈیا سمیت مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے پاکستانی کمیونٹی ارکان کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی۔کمیونٹی ارکان نے سفارت خانے کی باہمی رابطہ کے فروغ کی کوششوں اور خدمات کی فوری فراہمی کو سراہا۔

Web Desk

Comments are closed.