اسلام آباد۔27دسمبر (نمائندہ عسکر):وزیراعظم کے نمائنده خصوصى برائے بین المذاہب ہم آہنگی ،مشرق وسطی و اسلامی ممالک وچيئرمين پاكستان علماء كونسل حافظ محمد طاہر محمود اشرفى نے کہا ہے کہ پاکستان کے تمام مذاہب اور مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے ذمہ داران اور رہنمائوں اور عوام کا مقدس ایام اور کرسمس کی تقریبات پر سہولتیں اور تعاون فراہم کرنے پرشکریہ ادا کرتا ہوں ، ملکی اعلی سول و عسکری قیادت نے بھی ان تقریبات میں حصہ لیا ، یہ واضح پیغام ہے کہ اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کےلئے ہر ممکن اقدامات کئے جاتے ہیں ، یہ اس بات کا بھی اظہار ہے کہ پاکستان میں اقلیتیں ایک نمبر کی شہری ہیں ۔ وہ بدھ کو یہاں پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے ۔
حافظ محمد طاہر محمود اشرفى نے کہا کہ کرسمس کی تقریبات کے دوران پورے ملک میں بین المذاہب ہم آہنگی نظر آئی ، پوری قوم نے مسیحی برادری کے ساتھ تعاون کیا اور بین المذاہب ہم آہنگی کی مثال قائم کی ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں بسنے والی اقلیتیں آئین و قانون کے پابند ہیں ، آئین و قانون سب کو برابر کے حقوق دیتا ہے ، تمام ملک میں پر امن انداز میں تقریبات منعقد ہوئیں، کسی جگہ پر بھی لا اینڈ آرڈر اور اختلاف سامنے نہیں آیا ۔ انہوں نے کہا کہ افسوس کی بات ہے کچھ افراد چاہتے ہیں کہ پاکستان میں انکی سوچ چلے ، یہ طبقہ قلیل تعداد میں ہے ، پاکستان کے خلاف امن و سلامتی کے حوالے سے بے بنیاد پروپیگینڈا کو فی الفوربند کیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ وزارت مذہبی امور نے جو حج کا کوٹہ مقرر کیا اس سے زیادہ درخواستیں موصول ہوئیں،وزارت مذہبی امور مسائل کے حل کیلئے کوشاں ہیں ۔درخواستیں زیادہ آئی ہیں پروپیگنڈا کرنے والے کہاں ہیں؟ وزارت حج کے موثر اقدامات کی وجہ سے پاکستان میں اس دفعہ حج کرپشن سے پاک ہوگا ۔ انہوں نے کہاکہ حکومت اور عسکری قیادت کی کوششوں اور اقدامات کی درجہ سے ڈالر سستا ہوا جس کا براہ راست فائدہ حجاج کرام کو بھی ہوا اسی وجہ سے ایک لاکھ روپے حج سستا ممکن ہوا۔ وزارت حج مزید کام کر ہی ہے۔ حج کے حوالے سے خصوصی تعاون پر سعودی حکومت کے بھی شکر گزار ہیں ۔
انہوں نے کہا کہ وزارت مذہبی امور کی طرف سے آئی ٹی منسٹری کے تعاون سے پاک حج ایپ بنائی گئی ہے تاکہ حاجیوں کو راہنمائی ملے اور ان کی شکایات کو فوری حل کیا جائے اور انہیں ریلیف مل سکے۔ انہوں نے کہا کہ بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ کے لئےپورے پاکستان میں پیغام پاکستان امن کونسلیں قائم کرنے جا رہے ہی تاکہ آئندہ گوجرہ اور شانتی نگر جیسے واقعات نہ ہوسکیں ۔ انہوں نے کہا کہ آرمی چیف کے ویژن کے مطابق پاکستان میں بہتری آرہی ہے۔ بیرونی سرمایہ کاری کی سہولت کے لئے بنائی گئی ایس ایف آئی سی بنائی گئی جو کہ بہت اہم ہے۔
حافظ طاہر اشرفی نے کہا کہ پولیو ایک بڑا مسئلہ ہے اس کے خاتمے کے حوالے سے کل وزیر صحت کی زیر صدارت علماء و مشائخ کانفرنس کا انعقاد کیا جا رہا ہے ، پولیو کے حوالے سے کانفرنس کے اختتام پر مشترکہ فتوی اور اعلامیہ جاری کیا جائے گا۔ پولیو کے قطرے غیر شرعی نہیں ہے اس پر پوری دنیا کے مسلم علماء متفق ہیں ۔ طاہر اشرفی نے کہا کہ نو مئی کے مجرموں کو فی الفور سزا دی جائے یہ پاکستان علماء کونسل کو مطالبہ ہے۔
نو مئی واقعے میں براہ راست ملوث افراد کو ابھی تک کیوں سزا نہیں ہوسکی جبکہ ان کے خلاف شواہد بھی موجود ہیں ۔ ان کے خلاف ایکشن ہونا چاہئیے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری قیادت غزہ میں امن اور جنگ بندی کے حوالے سے تمام اسلامی ممالک کے سفراء سے بات کی ہے۔ آرمی چیف نے بھی حالیہ دورہ امریکہ میں واضح کیا ہے کہ ہم فلسطینی بھائیوں کے ساتھ ہیں۔
Comments are closed.