بنگلہ دیش نے نیوزی لینڈ کو پہلے ٹی ٹونٹی میچ میں 5 وکٹوں سے شکست دیدی، مہدی حسن پلیئر آف دی میچ قرار
نیپیئر۔27دسمبر:بنگلہ دیش نے پہلے ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچ میں نیوزی لینڈ کو اسی کی سرزمین پر 5 وکٹوں سے شکست دے دی، کیوی ٹیم کا 135 رنز کا ہدف مہمان ٹیم نے 19ویں اوور میں باآسانی حاصل کرلیا، مہدی حسن کو شاندار آل رائونڈ پرفارمنس پر پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا۔
بدھ کے روز نیپیئر میں کھیلے گئے تین ٹی ٹونٹی پر مشتمل سیریز کے پہلے میچ میں بنگلہ دیش نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا، میزبان ٹیم نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 134 رنز بنائے، جیمز نیشم نے 29 بالوں پر 48 رنز کی اننگز کھیلی، کپتان مچل سینٹنر23، مارک چیپمین 19 اور ڈیرل مچل 14 رنز بنا کر آئوٹ ہوئے، ایڈم ملنے 16 رنز بنا کر ناٹ آئوٹ رہے، ان کے علاوہ دیگر کوئی بلے باز ڈبل فگر میں بھی داخل نہ ہو سکا۔
شریف الاسلام نے 26 رنز کے عوض 3 وکٹیں حاصل کیں، مہدی حسن اور مستفیض الرحمان نے دو دو جبکہ تنظیم حسن اور رشاد حسین نے ایک ایک کھلاڑی کو آئوٹ کیا۔ کیوی ٹیم کے 135 رنز کے جواب میں مہمان ٹیم نے ہدف 5 وکٹوں کے نقصان پر 19ویں اوور میں باآسانی حاصل کرلیا، لٹن داس 42 اور مہدی حسن 19 رنز کے ساتھ ناقابل شکست رہے، دیگر بلے بازوں میں سومیا سرکار 22، کپتان نجم الحسن شنٹو اور توحید ہریدوئے 19,19 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔
کیوی بائولرز ٹم سائوتھی، ایڈم ملنے، جیمز نیشم ، بن سیئرز اور مچل سنٹنر نے ایک ایک کھلاڑی کو آئوٹ کیا۔ اس فتح کے بعد بنگلہ دیش نے سیریز میں 1-0کی برتری حاصل کرلی ہے۔
Comments are closed.