کوئٹہ 27 دسمبر(نمائندہ عسکر): نگراں وزیر اعلٰی بلوچستان میر علی مردان خان ڈومکی کی زیر صدارت بدھ کو یہاں صوبے میں امن و امان کی مجموعی صورتحال سے متعلق اعلٰی سطحی اجلاس منعقد ہوا جس میں نگراں وزیر داخلہ و قبائلی امور میر زبیر خان جمالی، چیف سیکرٹری بلوچستان شکیل قادر خان، ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ زاہد سلیم، ڈی آئی جی کوئٹہ عبدالحئی عامر ،ڈی آئی جی اسپیشل برانچ عبدالغفار قیصرانی، پرنسیپل سیکرٹری راشد رزاق خان نے شرکت کی۔
ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ و قبائلی امور زاہد سلیم نے اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے بحالی امن سے متعلق صوبائی حکومت کی جانب سے اٹھائے گئے اقدامات اور حکمت عملی پر روشنی ڈالی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے نگراں وزیر اعلٰی بلوچستان میر علی مردان خان ڈومکی نے کہا کہ امن و امان کی بحالی اور عوام کے جان و مال کا تحفظ ہر صورت میں یقینی بنایا جائے گا عوام کو مشکلات سے دوچار کرنا اور قانون کو ہاتھ میں لینا غیر مناسب عمل ہے جس کی قطعی اجازت نہیں دی جاسکتی ایسے اقدامات سے گریز ضروری ہے۔
انہوں نے کہا کہ وفاقی اور صوبائی حکومتوں نے بالاچ بلوچ کے واقعہ سے متعلق تحقیقات کے لئے علیحدہ علیحدہ کمیٹیاں قائم کردی ہیں جبکہ اسلام آباد میں دھرنے والوں سے بات چیت کے لیے وفاقی حکومت کی خصوصی کمیٹی بھی سنجیدگی سے کام کررہی ہے ہے کمیٹی نے جائز مطالبات پر عمل درآمد کی یقین دہانی کرائی ہے حکومت تمام معاملات کو رائج الوقت قوانین کے مطابق افہام و تفہیم سے حل کرنا چاہتی ہے بامقصد بات چیت اور مذاکرات کے لئے ہمارے دروازے کھلے ہیں انہوں نے کہا کہ عوام کے جان و مال کا تحفظ حکومت کی اولین ذمہ داری ہے تمام افراد کو ایسے ہر عمل سے گریز کرنا چاہئے جس سے عوام الناس کو مشکلات اور تکالیف کا سامنا کرنا پڑے نگراں وزیر اعلٰی بلوچستان نے ہدایت کی کہ صوبے بھر میں بحالی امن کے لئے موثر حکمت عملی مرتب کی جائے اور بلوچستان کے تمام اضلاع میں بحالی امن کے لئے جملہ دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں
Comments are closed.