اسلام آباد۔28جولائی (اے پی پی):وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ وزیراعظم محمد شہباز شریف متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زید النہیان سے صدارتی محل میں ملاقات اور تعزیت کے بعد وطن واپس پہنچ گئے ، اپنے مختصر قیام کے دوران وزیراعظم نے متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید النہیان سے ان کے بھائی شیخ سعید بن زاید النہیان کی وفات پر تعزیت کی ۔ وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے اس حوالے سے ایک ٹویٹ کیا ہے اور کہا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان کی حکومت اور عوام کی جانب سے متحدہ عرب امارات کے شاہی خاندان کے ساتھ افسوس کا اظہار کیا اور بتایا کہ ہم آپ کے غم میں برابر کے شریک ہیں ۔ وزیراعظم نے یو اے ای کے صدر سے تعزیت کی اور دعا کی کہ اللہ تعالی مرحوم کو اپنے جوار رحمت میں اعلی ترین مقام عطا فرمائے اور تمام اہل خانہ کو صبر جمیل عطا کرے ۔ وزیراعظم جمعہ کی دوپہر خاص طور پر یو اے ای کے صدر سے ان کے بھائی کی وفات پر تعزیت کے لئے ابو ظہبی پہنچے تھے اور کچھ دیر پہلے واپس پاکستان پہنچ گئے ہیں۔
Comments are closed.