اوتھل: پہلا آل (ٹو) ڈسٹرکٹ حب لسبیلہ نواب جام کمال خان عالیانی فٹبال ٹورنامنٹ — جام محمد کمال فٹبال کلب اوتھل چیمپیئن بن گیا

16

عسکر انٹرنیشنل رپورٹ

اوتھل (رپورٹ: عزیز یوسفزئی) پہلا آل (ٹو) ڈسٹرکٹ حب لسبیلہ نواب جام کمال خان عالیانی فٹبال ٹورنامنٹ رنگا رنگ اور شاندار تقریب کے ساتھ اختتام پذیر ہوا۔ فائنل میچ جام محمد یوسف فٹبال اسٹیڈیم اوتھل میں کھیلا گیا، جہاں تماشائیوں کی ریکارڈ تعداد موجود تھی۔

فائنل میں جام محمد کمال فٹبال کلب اوتھل اور جئے بلوچ فٹبال کلب بیلہ کے درمیان سنسنی خیز مقابلہ ہوا۔ بیلہ نے پہلا گول اسکور کیا، تاہم اوتھل نے شاندار کم بیک کرتے ہوئے میچ برابر کردیا۔ مقررہ اور اضافی وقت تک اسکور 1-1 رہا، جس کے بعد فیصلہ پینلٹی ککس پر ہوا، جہاں جام محمد کمال فٹبال کلب اوتھل نے بھرپور مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے ٹائٹل اپنے نام کر لیا۔ اس موقع پر اسٹیڈیم تالیوں، نعروں اور جوش و خروش سے گونج اٹھا۔

تقریب کے مہمانِ خصوصی ممتاز قبائلی رہنما اور کاروباری شخصیت حاجی کریم بخش الیاسانی تھے، جن کے ہمراہ ڈام سونمیانی سے جمیل احمد قریشی اور حبیب اللہ میربحر بھی موجود تھے۔ مہمانوں کا روایتی انداز میں پھولوں کی پتیاں نچھاور کرکے استقبال کیا گیا۔ آرگنائزر کیپٹن نذیر شاہوک نے اجرک پہنائی جبکہ سینئر فٹبالر جان محمد قمر نے پھولوں کا ہار پیش کیا۔

مہمانِ خصوصی نے اپنے خطاب میں کہا کہ آج کا فائنل ثابت کرتا ہے کہ لسبیلہ اور اوتھل کے نوجوان کھیلوں میں بے پناہ صلاحیت رکھتے ہیں۔ ایسے ٹورنامنٹس نوجوانوں کو مثبت سرگرمیوں کی طرف لاتے ہیں اور ان میں نظم و ضبط، ٹیم ورک اور اعتماد پیدا کرتے ہیں۔ انہوں نے فاتح ٹیم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ بیلہ کی ٹیم نے بھی بہترین کھیل پیش کیا، اصل کامیابی دونوں ٹیموں کی شاندار کارکردگی ہے۔

بعد ازاں مہمانِ خصوصی نے ونر اور رنر اپ ٹیموں کے کپتانوں کو ٹرافیاں اور کھلاڑیوں کو میڈلز پہنائے، جبکہ دیگر مہمانوں کی جانب سے کھلاڑیوں، آفیشلز اور کمیٹی ممبران میں انعامات تقسیم کیے گئے۔ ٹورنامنٹ کمیٹی نے تمام مہمانوں اور صحافیوں کو اجرک پیش کی۔

تقریب میں معزز شخصیات کی بڑی تعداد شریک ہوئی جن میں چیئرمین لاکھڑا وڈیرہ مولا بخش گنگو، اسپورٹس آفیسر لسبیلہ خدا بخش بلوچ، سوشل ویلفیئر آفیسر عبدالصمد رونجھو، ڈی ایف اے لسبیلہ کے صدر مصدق عزیز کھوسہ، صدر اوتھل پریس کلب محمد عمر لاسی، وڈیرہ محمد انور گدور، غلام محمد گلفام دودا، سرپرستِ اعلیٰ حسین علی جاموٹ، ٹورنامنٹ صدر عبدالواحد سومرو، آرگنائزر نذیر احمد شاہوک، ڈپٹی آرگنائزر جاوید عظیم بلوچ، کاکا ادریس، محمد عالم شیخ، جنرل کونسلر برکت علی جاموٹ، نواز سنیاں، وڈیرہ رزاق جاموٹ، سراج احمد بلوچ، امام بخش عامر خاصخیلی اور دیگر کھیل دوست شامل تھے۔

Web Desk

Comments are closed.