شدید بھوک اور ناکافی طبی سہولتوں کے باعث غزہ کی آبادی سنگین خطرے میں ہے ، سربراہ عالمی ادارہ صحت
جنیوا۔28دسمبر (اے پی پی):عالمی ادارہ صحت کے سربراہ ٹیڈروس ایڈہانوم گیبریسس نے کہا ہے کہ غزہ کی آبادی کو شدید بھوک اور ناکافی طبی سہولتوں سمیت سنگین خطر ات درپیش ہیں اور بین الاقوامی برادری ان خطرات کو کم کرنے کے لئے فوری اقدامات کرے۔ ایک بیان میں انہوں نےشدید بھوک اور مایوسی کا حوالہ دیتے ہوئے خبردار کیا کہ غزہ کی آبادی سنگین خطرے میں ہے ۔
ادارے کی طرف سے جاری بیان میں بتایا گیا کہ غزہ میں 36 ہسپتالوں میں سے صرف 15 ہسپتال جزوی صلاحیت کے ساتھ کام کر رہے ہیں اور ادارے کی طرف سے صرف دو ہسپتالوں کو امدادی سامان فراہم کیا جا سکا ہے۔ڈبلیو ایچ او نے کہا کہ اس کے عملے نے اطلاع دی ہے کہ غزہ میں شدید بھوک کا شکار لوگوں نے خوراک کی تلاش کی امید میں ہمارے امدادی سامان لے جانے والے قافلوں کو روک دیا ہے اور لوگوں کی بھوک اور مایوسی کی وجہ سے ہسپتالوں کو ادویات، طبی سامان اور ایندھن فراہم کرنے کی ڈبلیو ایچ او کی صلاحیت تیزی سے محدود ہوتی جا رہی ہے۔
ٹیڈروس ایڈہانوم گیبریسس نے عالمی برادری سے اپیل کی کہ اس کے امدادی کارکنوں کو خوفناک زخموں، شدید بھوک اور بیماری کے شدید خطرے سے دوچار لوگوں کی مدد کی غرض سے ان تک رسائی کے لئے فوری اقدامات کئےجائیں۔
Comments are closed.