روسی وزیر خارجہ کا غزہ میں فوری جنگ بندی کا مطالبہ

ماسکو۔28دسمبر (اے پی پی):روس کے وزیر خارجہ سرگئی لاوروف نے غزہ میں فوری جنگ بندی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ غزہ اور پورے مشرق وسطیٰ میں استحکام حاصل کرنے کا یہی واحد راستہ ہے۔تاس کو انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ یہ تنازع 75 سال سے جاری ہے اور اس کے ختم ہونے کوئی آثار نظر نہیں آ رہے۔

اسرائیل اور فلسطینی عسکریت پسند گروپوں کے درمیان تصادم، حملے اور جوابی کارروائیوں کے چکر میں غزہ کی آبادی کو بارہا نقصان اٹھانا پڑا ہے۔ اس ناانصافی کو ختم کرنے کی ضرورت ہے جس کو فلسطینیوں کی کئی نسلیں بھگت رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردانہ حملے، ان کی حوصلہ افزائی یا عالمی انسانی قانون کی کھلم کھلا خلاف ورزی کرتے ہوئے اجتماعی سزا کے طریقوں سے جواب دینا ناقابل قبول ہے۔

انہوں نے مشرق وسطیٰ کی موجودہ صورتحال کو امریکی خارجہ پالیسی کی ناکامی کا نتیجہ قرار دیا اور اسرائیل اور فلسطین کے درمیان ثالثی کی کوششوں کو تقویت دینے کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے اس حوالے سے روس کے موقف کی وضاحت کرتے ہوئے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل اور جنرل اسمبلی کے فیصلوں کے ساتھ ساتھ عرب امن اقدام کا حوالہ دیا۔

انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی ثالثوں کی ذمہ داری فریقین کو ایسے مذاکرات شروع کرنے میں مدد کرنا ہے جس کے اندر وہ تمام متنازعہ مسائل کو حل کر سکیں۔روسی وزیر خارجہ نے اعتراف کیا کہ اگرچہ یہ آسان نہیں ہے لیکن مذاکرات نہ ہونے کی صورت میں خونریزی جاری رہے گی۔

Web Desk

Comments are closed.