لاہور۔28دسمبر (نمائندہ عسکر):نولکھا پریس بیٹیرین چرچ میں ماڈریٹر ریورنڈ ڈاکٹر مجید ایبل کی سالگرہ کی خوشی میں ایک انٹرفیتھ تقریب کا انعقاد کیا گیا۔تقریب میں چیئرمین قومی کمیشن برائے بین المذاہب آرچ بشپ سبیسٹین فرانسس شاہ، چئیرمین کل مسالک بورڈ عاصم مخدوم، خطیب داتا دربار رمضان سیالوی،پیر سید عثمان نوری، پروفیسر سید محمود غزنوی،مفتی سید عاشق حسین، ڈاکٹر کنول فیروز، علامہ قاری خالد محمود،محکمہ تعلقات عامہ کے افسران اور معروف گلوکار وارث بیگ نے خصوصی طور پر شرکت کی۔
تقریب میں مختلف مذاہب و مسالک کے راہنمائوں، سیاسی و سماجی شخصیات نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے ڈاکٹر مجید ایبل کی سالگرہ کے موقع پر ان کی بین المذاہب رواداری کی تیس سالہ خدمات اور انٹرفیتھ کے فروغ میں انکی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا۔تقریب میں شرکا نے ڈاکٹر مجید ایبل کی امن کے لئے کاوشوں کو بھی سراہا۔ڈاکٹر مجید ایبل نے سب کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ سب کے اکٹھے ہونے سے خوشی بڑھ گئی ہے اور تمام مسالک کی شرکت یہ ثابت کرتی ہے کہ ہم سب ایک ہیں اور سب سے پہلے پاکستانی ہیں۔انہوں نے کہا کہ قیام پاکستان کے لئے پاکستان میں بسنے والی تمام اقلیتوں نے حصہ لیا۔خوشی کی بات ہے کہ یہاں بسنے والی تمام اقلیتیں مساوی حقوق رکھتی ہیں۔
کل مسالک بورڈ کے سربراہ مخدوم عاصم نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ نولکھا چرچ کو یہ منفرد حیثیت حاصل ہے کہ ہر خوشی کی تقریب میں مختلف مذہبی وسماجی شخصیات لازمی شرکت کرتی ہیں کیونکہ ادھر سے ہمیشہ امن و محبت کو فروغ دیا گیا،رمضان سیالوی نے کہا کہ بین المذاہب ہم آہنگی وقت کی ضرورت ہے۔پوری دنیا امن کی خواہش مند ہے ہمیں ملکر امن کے لیے جد وجہد کرنا ہوگی۔مفتی عاشق حسین نے کہا کہ بین المذاہب تقریبات کا مقصد دنیا کو یہ بتانا ہے کہ پاکستان میں امن ہے جبکہ اقلیتوں کے حقوق سمیت بین المذاہب رواداری کو فروغ دینے کے لئے خاطر خواہ کام ہو رہا ہے۔تقریب سے پروفیسر محمود غزنوی ، مفتی عاشق حسین اور دیگر نے بھی خطاب کیا اور انٹر فیتھ کے فروغ میں اپنا اپنا کردار نبھانے کا عزم کیا۔
تقریب کے اختتام پر آرچ بشپ سبسٹین فرانسس شا نے ملک پاکستان کی تعمیر وترقی اور دنیا بھر میں امن کے لیے خصوصی دعا کرائی۔ انہوں نے شرکا کے ہمراہ ڈاکٹر مجید ایبل کی سالگرہ کا کیک بھی کاٹا-
Comments are closed.