لاہور۔28دسمبر (نمائندہ عسکر):وزیراعلی پنجاب محسن نقوی نے لاہور تعلیمی بورڈ کا اچانک دورہ کیا۔لاہور تعلیمی بورڈ میں بریک سے قبل فیسلیٹیشن سنٹرکا بیشتر عملہ غائب تھا،وزیر اعلی محسن نقوی نے دفتری اوقات میں عملے کی عدم موجودگی کا سخت نوٹس لیتے ہوئے فوری طور پر تمام عملے کو تبدیل کرنے کا حکم دیا اور طلبا و طالبات کے لئے تمام سہولتوں کو7 روز کے اندر آن لائن کرنے کا حکم دیا۔وزیر اعلی محسن نقوی نے کہا کہ تعلیمی بورڈ کی سہولتیں آن لائن ہونے سے طلبا و طالبات کو بورڈ آفس کے چکر نہیں لگانے پڑیں گے۔
وزیر اعلی نے صوبائی وزیر تعلیم اور سیکرٹری تعلیم کو فوری طور پر بورڈ پہنچنے کی ہدایت کی اور کہا کہ طلبا و طالبات کے ایشوز کو ترجیحی بنیاد وں پر حل کیا جائے۔وزیراعلی محسن نقوی بغیر اطلاع تعلیمی بورڈ پہنچے،طلبا وطالبات کیلئے بنائے گئے مختلف کائونٹرز پر گئے جہاں عملہ غائب تھا اورطلبا وطالبات خوار ہو رہے تھے۔
وزیراعلی محسن نقوی نے تعلیمی بورڈ میں موجود طلبا وطالبات سے ملاقات کی اور سہولتوں کے بارے میں دریافت کیا جس پرطلبا و طالبات نے عملے کی عدم موجودگی کے حوالے سے شکایات کیں اور بتایا کہ بریک سے قبل ہی عملہ کائونٹرز پر موجود نہیں۔وزیر اعلی محسن نقوی نے کہا کہ دفتری اوقات میں عملے کا کاونٹرز پر موجود نہ ہونا فرائض سے غفلت ہے جو ناقابل برداشت ہے،طلبا و طالبات اپنے کام کے سلسلے میں کائونٹرز پر موجود ہیں لیکن عملہ غائب ہے،یہ کسی صورت قبول نہیں۔
Comments are closed.