کسانوں کو درپیش مسائل کامکمل ادراک ہے ،آئندہ چند یوم میں کھاد کے مسائل حل ہوجائیں گے ،وفاقی وزیر برائے تحفظ خوراک کاقومی کسان کنونشن سے خطاب

اسلام آباد ۔29دسمبر (نمائندہ عسکر):وفاقی وزیر برائے تحفظ خوراک کوثر عبداللہ ملک نے کہاہے کہ کسانوں کا ملکی ترقی میں کلیدی کردار ہے ، کسانوں کو درپیش مسائل کامکمل ادراک ہے ،حکومت کسانوں کی فلاح و بہبود کے لیے ٹھوس اقدامات کررہی ہے ، ذخیرہ اندوزوں کے خلاف کارروائی میں پاک فوج کی معاونت حاصل ہے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو قومی کسان کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔کوثر عبداللہ ملک نے کہاکہ آئندہ چند یوم میں کھاد کے مسائل حل ہوجائیں گے ،لائیو سٹاک کا کاروبار ملکی ترقی میں اہم کردار ادا کرسکتا ہے ،درآمد اور برآمد کے خاتمے کے لیے کسان کردار ادا کریں ۔

اس موقع پر قومی کسان کنونشن میں ملک کے طول وعرض سے کثیر تعداد میں کسانوں نے شرکت کی ۔ کسان کنونشن میں کسانوں کوزراعت کے حوالے سے خصوصی دستاویزی فلم دکھائی گئی جس میں تحفظ خوراک کے حوالے سے حکومت اور پاک فوج کے کردار کو اجاگر کیاگیا۔

کسان کنونشن سے کسانوں کے چیف کوآرڈینیٹر کرنل (ر) ہاشم ڈوگر نے بھی خطاب کیا اور کہاکہ قومی کسان کنونشن کا انعقاد خوش آئند ہے اس سے ملکی زراعت کی ترقی کے حوالے سے حکومت کا عزم ظاہر ہوتا ہے ۔انہوں نے کہاکہ کسانوں کو کھاد کی فراہمی کے حوالے سے مسائل درپیش ہیں تاہم حکومت کی جانب سے مسائل کے حل کی یقین دھانی کی بدولت کسان اطمینان کا اظہار کررہے ہیں ۔

Web Desk

Comments are closed.