حیدرآباد۔ 29 دسمبر (اے پی پی):اڈیرو لعل ویلفئیر ٹنڈو آدم کے زیر اہتمام ڈھائی سو جوڑوں کی ایک تقریب میں اجتماعی شادی سر انجام دی گئی ۔ اس موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اڈیرو لعل ویلفئیر ٹنڈو آدم کے چئیرمین بابا راج کمار نے کہا کہ خدمت رب کیلئے، خدمت سب کیلئے کے نعرے تلے دکھی انسانیت کی خدمت کرنا ہماری اولین ترجیہات میں شامل ہے،
ہر مذہب انسانیت کا درس دیتا ہے اور ہم خدمت کو عبادت سمجھ کر کررہے ہیں، مخیر حضرات کے تعاون اور اڈیرو لعل ویلفئیر ٹنڈو آدم کے ممبران کی کاوشوں اور انتھک محنت کے سبب پچھلے 10 سال سے غریب و نادار افراد کی اجتماعی شادیوں کا سلسلہ جاری ہے ۔
انہوں نے بتایا کہ رواں سال اجتماعی شادی کی تقریب کے لئے ڈھائی سو جوڑوں جس میں 100 مسلمان،50 عیسائی اور 100 ہندو جوڑے تھے کی انکے مذہب کے مطابق شادیاں کروائی گئی اور فی جوڑے کو ایک لاکھ روپے تک کا جہیز دیا گیا جس میں قرآن پاک اور گیتا،دولہا و دلہن کے لئے 12 عدد جوڑے، سلائی مشین، سونے کے جھومر، پنکھا, کولر،بسترا، کمبل، استری، ایک پیٹی،کپ سیٹ، گلاس سیٹ، ڈنر سیٹ، گفٹ، نقد رقم، ٹفن،گھڑیال، پرس، جوتے، سینڈل،شال سمیت دیگر اشیاء شامل ہیں اور فی جوڑے کے 25 مہمانوں کے کھانے کا بھی اہتمام کیا گیا ۔
اس موقع پر جماعت اسلامی کے رہنماء مشتاق عادل، حاجی ذیشان شیخ, امتیاز خاصخیلی، زوھیب آرچر، پروفیسر یاد حسین اور ہندو کمیونیٹی کیساتھ شہر کی سماجی و سیاسی شخصیات اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی جبکہ تقریب کے آخر میں مختلف مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والوں اور ممبران کو تنظیم کی جانب سے یادگار شیلڈ پیش کی گئی۔
Comments are closed.