کراچی۔ 29 دسمبر (نمائندہ عسکر): نگراں وزیراعلی سندھ جسٹس (ر)مقبول باقر نے کہا ہے کہ خریداری کے روایتی طریقوں کے اپنے چیلنجز ہیں جو کارکردگی روکنے، لاگت میں اضافہ کرنے اور بعض اوقات شفافیت پر سمجھوتہ کر سکتے ہیں جسکو مدنظر رکھتے ہوئے صوبائی حکومت چیلنجز سے نمٹنے کیلئے ای پروکیورمنٹ سسٹم کا آغاز کر رہی ہے۔ ای پروکیورمنٹ سسٹم کے آغاز سے شفافیت اور ڈیجیٹائیز طریقوں سے عملدرآمد کراکے نظام حصولی دستاویزات کے محفوظ اور موثر انتظام، کاغذی کارروائی اورغلطیاں کم کرنے اور دستاویز کی معلومات تک رسائی فراہم کرنا ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو مقامی ہوٹل میں ای پروکیورمنٹ سسٹم یعنی ای پاک ایکوزیشن اینڈ ڈسپوزل سسٹم (EPDS) کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ پروگرام میں وزیر قانون و چیئرمین سیپرا عمر سومرو، چیف سیکرٹری ڈاکٹر فخر عالم، وفاقی حکومت کے پیپرا کے سربراہ مقبول گوندل ، ڈی جی سیپرا زبیر پرویز اور مختلف محکموں کے سیکرٹریز نے شرکت کی۔
انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت کے اعلی حکام اور سول سوسائٹی کے لوگ ہماری کارکردگی، شفافیت اور جدت کے ایک اہم سنگ میل کیلئے آج اکٹھے ہوئے ہیں۔ آج ایک نئے باب کے آغاز کا ہورہاہے کیونکہ ہم نے اپنے ای پروکیورمنٹ سسٹم کی نقاب کشائی کی ہے، ایک جدید پلیٹ فارم جو ہمارے منظم پبلک پروکیورمنٹ کے طریقہ کار میں انقلاب لائے گا۔انہوں نے کہا کہ جیسا کہ دنیا تیزی سے ترقی کر رہی ہے اور ٹیکنالوجی مختلف صنعتوں کو نئے سرے سے ڈھال رہی ہے اس لیے جدت کو اپنانا صرف ایک آپشن نہیں بلکہ ایک ضرورت ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ای پروکیورمنٹ کو لاگو کرنے کے ہمارے فیصلے نے ہماری محنت، اپنے آپریشنز کو بہتر بنانے کیلئے ٹیکنالوجی کا فائدہ اٹھانے اور بالآخر ہمارے اسٹیک ہولڈرز کے لیے بہتر نتائج فراہم کرنے کے لیے ہمارے عزم کو ظاہر کیا۔ وزیر اعلی سندھ نے سندھ پبلک پروکیورمنٹ ریگولیٹری اتھارٹی (SPPRA)کے اس اقدام کو سراہا جسے ورلڈ بینک اور وفاقی پیپرا کے تعاون سے حاصل ہے۔ وزیراعلی نے کہا کہ اس اقدام کا مقصد عوامی خریداری کے عمل میں شفافیت، مساوات و مسابقت کو بڑھانا ہے۔ سندھ پبلک پروکیورمنٹ ریگولیٹری اتھارٹی (SPPRA) نے اپنے جدید ترین الیکٹرانک پروکیورمنٹ سسٹم (ای پروکیورمنٹ)کا کامیابی کے ساتھ آغاز کیا، جس سے شفاف، موثر پبلک پروکیورمنٹ کے عمل کے دائرے میں ایک اہم پیش رفت ہوئی ہے۔
تقریب نے خریداری کے زیادہ شفافیت، انصاف پسندی اور مسابقت کو یقینی بنانے کیلئے عوامی خریداری کے طریقوں کو جدید بنانے کیلئے SPPRA کے عزم کو ظاہر کیا۔ ای پروکیورمنٹ سسٹم کی خصوصیات میں صارف دوست انٹرفیس، ای پروکیورمنٹ سسٹم ایک بدیہی اور صارف دوست انٹرفیس کا حامل ہے جو سرکاری اداروں اور سپلائرز دونوں کیلئے خریداری کے عمل کو آسان بناتا ہے۔ ریئل ٹائم مانیٹرنگ اور رپورٹنگ: اسٹیک ہولڈرز اب ریئل ٹائم مانیٹرنگ اور رپورٹنگ کی خصوصیات سے مستفید ہو سکتے ہیں جو پروکیورمنٹ ڈیٹا، ٹینڈرنگ عمل اور پروجیکٹ اپ ڈیٹس تک فوری رسائی فراہم کر سکتے ہیں۔ ڈیجیٹل دستاویز کا انتظام: یہ نظام حصولی دستاویزات کے محفوظ اور موثر انتظام، کاغذی کارروائی کو کم کرنے، غلطیوں کو کم کرنے اور دستاویز کی معلومات بڑھانے میں سہولت فراہم کرتا ہے۔ خودکار بولی کا عمل کے تحت ای پروکیورمنٹ سسٹم بولی لگانے کے پورے عمل کو خودکار بناتا ہے، اعلان سے بولی جمع کرانے اور جانچنے تک، ورک فلو کو ہموار کرنا اور منصفانہ اور مسابقتی ماحول کو یقینی بناتا ہے۔
بہتر حفاظتی اقدامات کے تحت حساس پروکیورمنٹ ڈیٹا کی حفاظت اور ای پروکیورمنٹ سسٹم کی سالمیت کو یقینی بنانے کیلئے مضبوط سیکیورٹی پروٹوکول لاگو کیے گئے ہیں۔ تقریب سے وزیر قانون و چیئرمین سیپرا عمر سومرو نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نظام موثر اور شفاف ہے، اب کوئی بھی ٹینڈر فارم نہ ملنے کے خلاف شکایت نہیں کرے گا۔ عمر سومرو نے کہا کہ اصولی طور پر صوبائی حکومتوں کو ای سسٹم لگانا چاہیے تھا لیکن ہم نے اسے اس وقت بنایا جب ورلڈ بینک نے نشاندہی کی کہ صوبائی حکومت کو اسے ڈیجیٹل کرنے کی ضرورت ہے۔تقریب سے ایم ڈی/مینجنگ ڈائریکٹر سیپرا زبیر پرویز احمد نے وزیر اعلی کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ ای پروکیورمنٹ سسٹم کا تعارف سندھ میں پوری پبلک پروکیورمنٹ کیلئے اہم ہے۔
انھوں نے کہا کہ جدید پلیٹ فارم عوامی خریداری کے عمل میں شفافیت کو فروغ دینے کیلئے بنا گیا ہے اور ہمیں یقین ہے کہ اس اقدام سے نہ صرف سرکاری اداروں بلکہ سپلائرز اور کاروباری ماحول کو فروغ ملے گا۔ اس موقع پر وفاقی حکومت کے ڈی جی پیپرا مقبول گوندل نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے سندھ حکومت کے ساتھ مل کر ڈیجیٹل سسٹم قائم کیا ہے،ای پروکیورمنٹ سسٹم قائم ہونے سے ٹینڈر کا ایوارڈ کرنا یا پھر کوئی بھی خریداری شفاف طریقے سے ہوگی ۔نیز ڈیجیٹل سسٹم سے بدعنوانی اور دھوکہ دہی کا خاتمہ ہوسکے گا۔تقریب سے شادیہ جعفر نے بھی خطاب کیا۔ قبل ازیں وزیر اعلیٰ نے کمپیوٹر بٹن دباکر ای پروکیورمنٹ سسٹم کا آغاز کیا۔
Comments are closed.