خیبرپختونخوا فوڈ اتھارٹی کا غیر معیاری مشروبات کے خلاف فوڈ اتھارٹی کا بڑا ایکشن

خیبرپختونخوا فوڈ اتھارٹی کا غیر معیاری مشروبات کے خلاف فوڈ اتھارٹی کا بڑا ایکشن

پشاوراور ہری پورہزاروں لیٹرز ایکسپائر اور غیر معیاری کولڈ ڈرنکس پکڑ کر تلف

خیبرپختونخوا فوڈ سیفٹی اینڈ حلال فوڈ اتھارٹی نے وزیر خوراک ظاہرشاہ طورو کی ھدایت پر موسم گرما آتے ہی غیر معیاری اور مضر صحت کولڈ ڈرنکس کے کاروبار کے خلاف کارروائیاں تیز کر دی ہیں۔ اس سلسلے میں فوڈ سیفٹی ٹیموں نے پشاور اور ہری پور میں کامیاب کارروائیاں کرتے ہوئے مجموعی طور پر 6500 لیٹرز سے زائد غیر معیاری اور ایکسپائرڈ مشروبات ضبط کر کے موقع پر تلف کر دیے۔

ترجمان فوڈ سیفٹی اتھارٹی کے مطابق، پشاور کی ٹیم نے چارسدہ روڈ پر واقع کاربونیٹیڈ ڈرنکس کے ایک پروڈکشن یونٹ پر کارروائی کرتے ہوئے 2500 لیٹر سے زائد غیر معیاری کولڈ ڈرنکس برآمد کیں، جنہیں موقع پر تلف کر دیا گیا۔ یونٹ کو حفظانِ صحت کے اصولوں کی خلاف ورزی اور زائدالمیعاد اجزاء کے استعمال پر سیل کر دیا گیا جبکہ فوڈ سیفٹی ایکٹ کے تحت مزید کارروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

اسی طرح، ہری پور ٹیم نے خفیہ اطلاع پر چھپر روڈ پر واقع ایک گودام پر چھاپہ مارا جہاں سے 4000 لیٹرز سے زائد ایکسپائرڈ کولڈ ڈرنکس برآمد کی گئیں۔ تمام مشروبات کو موقع پر تلف کر دیا گیا جبکہ مالکان پر بھاری جرمانے عائد کیے گئے ہیں۔

ڈائریکٹر جنرل فوڈ سیفٹی اتھارٹی واصف سعید نے کارروائیوں پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ غیر معیاری اور مضر صحت مشروبات تیار و فروخت کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائیاں جاری رہیں گی۔ ان کا کہنا تھا کہ شہری ایسے عناصر کی فوری اطلاع متعلقہ فوڈ سیفٹی دفاتر یا فوڈ اتھارٹی کی ہیلپ لائن پر دیں تاکہ بروقت کارروائی ممکن بنائی جا سکے۔

Daily Askar

Comments are closed.