ایف پی سی سی آئی کے سابق صدر میاں انجم نثار سارک چیمبر آف کامرس کے نائب صدر منتخب ہوگئے:عرفان اقبال شیخ، صدر ایف پی سی سی آئی
ایف پی سی سی آئی کے سابق صدر میاں انجم نثار سارک چیمبر آف کامرس کے نائب صدر منتخب ہوگئے:عرفان اقبال شیخ، صدر ایف پی سی سی آئی
کراچی (30 مئی 2023) : صدر ایف پی سی سی آئی عرفان اقبال شیخ نے ملک کے اعلیٰ ترین تجارتی و صنعتی ادارے کے سربراہ کے طور پر اپنے گہرے اطمینان کا اظہار کرتے ہو ئے کہا ہے کہ ایف پی سی سی آئی کے ممتاز ترین سابق صدور میں سے ایک میاں انجم نثار کوسارک چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (SCCI) کے نائب صدر کے طور پر دو سال کی مدت کے لیے منتخب کر لیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ بالعموم پاکستان کی معیشت اور بالخصوص سارک ممالک کے ساتھ پاکستانی ایکسپورٹس کے لیے نیک شگون ہے۔ عرفان اقبال شیخ نے اس بات پر زور دیا کہ سارک خطے میں پاکستان کے لیے اہم معیشتیں شامل ہیں؛جن میں بنگلہ دیش، سری لنکا، انڈیا، بھوٹان، نیپال، مالدیپ اور افغانستان شامل ہیں اور یہ بلاک دنیا کی 21 فیصد آبادی پر مشتمل ہے۔انہو ں نے مزید کہا کہ صرف اس ایک تجارتی بلاک کو برآمدی صلاحیت سے پوری طرح فائدہ اٹھانے کے نتیجے میں 5 سال کے قلیل عرصے میں پاکستانی ایکسپورٹس میں 20 سے 25ارب ڈالر کا اضافہ ہو سکتا ہے۔عرفان اقبال شیخ نے بتایا کہ میاں انجم نثار پاکستان کے سینئر ترین، ہر دل عزیز اور قابل تجارتی رہنما ہیں اور ان کے پاس ملک کی برآمدات کے لیے سارک ریجن میں سازگار ماحول پیدا کرنے کے لیے تمام ضروری صلاحیتیں موجود ہیں؛چاہے وہ پورے تجارتی بلاک کے طور پر ہویا پھر سارک کے رکن ممالک کے ساتھ دو طرفہ تجارتی فروغ ہو۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ بات قابل ذکر ہے کہ میاں انجم نثار گزشتہ 25 سالوں سے قومی اور بین الاقوامی لیول پر اعلیٰ ترین سطح پر پالیسی وکالت سرگرمیوں میں روبہ عمل ہیں۔صدرایف پی سی سی آئی نے وضاحت کی کہ سارک سی سی آئی پاکستان کے معاملے میں خاص اہمیت رکھتا ہے؛ کیونکہ پاکستان کی علاقائی تجارت اس کی کل تجارت کا صرف 9 فیصد ہے۔ تاہم، دوسری طرف، ترقی یافتہ ممالک اپنی کل تجارت کا 70 فیصد تک علاقائی ممالک کے ساتھ کرتے ہیں؛ جس کی وجہ یہ ہے کہ علاقائی تجارت کسی بھی ملک کی برآمدات کو مسابقتی بناتی ہیں۔ صدر ایف پی سی سی آئی عرفان اقبال شیخ نے اس حقیقت پر بھی روشنی ڈالی کہ ایف پی سی سی آئی کے سابق نائب صدور میں سے ایک خرم طارق سعید آٹھ سال کے طویل وقفے کے بعد حال ہی میں کنفیڈریشن آف ایشیا پیسیفک چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری (CACCI) کے نائب صدر منتخب ہوئے ہیں۔ مندرجہ بالا دو اہم کامیابیاں انٹرنیشنل فورمز پر ایف پی سی سی آئی پیش رفت کی نشاندہی کرتی ہیں اور درحقیقت یہ پاکستان کی پوری کاروباری، صنعتی اور تاجر برادری کی کامیابی ہے۔مزید برآں، کنفیڈریشن آف ایشیا پیسیفک چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری 25 ممالک کی نمائندگی کرتا ہے؛ دنیا کی کل جی ڈی پی کا 30 فیصد ہے اور ایک ارب کی بڑی مڈل کلاس رکھتا ہے۔جس کی بنا پر ان کے پاس پاکستان کی قیمتوں کے اعتبار سے مسابقتی لیکن عالمی معیار کی ٹیکسٹائل، لیدر،اسپورٹس اور کھانے پینے کی مصنوعات کی قوت خرید موجود ہے۔صدر ایف پی سی سی آئی عرفان اقبال شیخ نے واضح طور پر کہا کہ حکومت پاکستان کو SCCI اور CACCI کے ان پاکستانی نژاد نائب صدور کی بھرپور حمایت کرنی چاہیے؛ تاکہ وہ ان اہم علاقائی بلاکس میں پاکستانی مصنوعات کی مارکیٹ تک رسائی کو ممکن بناسکیں۔
Comments are closed.