کوئٹہ30اگست:۔ڈائریکٹر جنرل پبلک ریلیشنز بلوچستان کامران اسد نے ریجنل اخبارات کے مسائل کے حل کا عزم ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ واجب الادا بلز کی ادائیگی سمیت تمام مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کئے جائیں گے اوراخباری صنعت کا تحفظ یقینی بنائیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بلوچستان ایڈیٹرز فورم کے نمائندہ وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کیا،جس نے گزشتہ روز فورم کے صدرمرتضیٰ ترین کی قیادت میں ان سے ملاقات کی وفد میں محمد یوسف زہری، آغا عبید، ایوب ترین، نعمت اللہ کاکڑ، مدثر ندیم، سہیل جلال شامل تھے۔وفد نے ڈی جی پی آر کو بلوچستان کے اخبارات اور جرائد کو درپیش مسائل سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ صوبے سے شائع ہونے والے تمام اخبارات و جرائد غیر معمولی مسائل سے دوچار ہیں گزشتہ تین مہینوں سے بلز کی ادائیگی نہیں ہوئی،اخباری صنعت کی مالی مشکلات کو مدنظر رکھتے ہوئے خصوصی اقدامات اٹھائے جائیں تاکہ اخباری صنعت کی مشکلات میں کمی آسکے۔ مجموعی بجٹ انتہائی کم ہے جس کے باعث معاشی مشکلات سنگین ہوتی جارہی ہیں۔اخبارات وجرائد کے لئے مختص ایڈورٹائزمنٹ بجٹ کو صوبائی پی ایس ڈی پی سے منسلک اورصوبائی ترقیاتی بجٹ کا دو فیصدحصہ تشہیری بجٹ مختص کرانے کیلئے محکمہ تعلقات عامہ اپنا کردار ادا کرے۔اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل تعلقات عامہ بلوچستان کامران اسد نے وفد کو یقین دہانی کرائی کہ اخباری صنعت کے تحفظ کے لئے ہمہ گیر اقدامات اٹھائے جائیں گے تمام دستیاب وسائل کو بروئے کار لاتے ہوئے ادارہ تعلقات عامہ مقامی پریس کی ہر ممکن سرپرستی کررہا ہے۔ بقایہ جات کی ادائیگی سمیت دیگر فوری نوعیت کے مسائل ہنگامی بنیادوں پر حل کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ اخبارات عوام اور حکومت کے بیچ پل کا کردار ادا کرتے ہیں ہمیں امید ہے کہ مقامی اخبارات بلوچستان میں جاری ترقیاتی عمل، حکومتی اقدامات وترجیحات کی مناسب اشاعت کو یقینی بنائیں گے اور عوام کو صوبائی حکومت کے اقدامات سے اچھی طرح آگاہی دیں گے۔
Comments are closed.