(عسکر نیوز رپورٹ) مفتی اعظم پاکستان مفتی منیب الرحمٰن صاحب کے ترجمان مفتی محمد عابد مبارک المدنی نے مفتی صاحب کی خصوصی ہدایت پر اکابرین علمائے اہلسنت کا ایک ایمرجنسی اجلاس آن لائن منعقد کیا ، اس اجلاس میں شیخ الحدیث علامہ حافظ عبدالستار سعیدی ،شیخ الحدیث علامہ مفتی محمد الیاس رضوی ،علامہ پیر سید مظفر حسین شاہ قادری، علامہ لیاقت حسین اظہری ،علامہ عبد المصطفیٰ ہزاروی ،علامہ مفتی ابوبکر صدیق شاذلی ،علامہ مفتی محمد وسیم اختر المدنی ،علامہ مفتی رفیع الرحمن نورانی اورمفتی محمد نذیر جان نعیمی شریک ہوئے۔علماء ومشایخ اہلسنت کے اس اجلاس میں ہنگو میں نمازِ جمعہ کے اجتماع میںاور مستونگ بازارمیں عید میلاد النبی ﷺکےجلوس میں مناظر اسلام ممتاز عالم دین اور مستونگ مرکزی مدینہ مسجد کے امام علامہ سعید احمد حبیبی سمیت 50 سے زائدعلمائے کرام ، ذمہ داران ،DSP سمیت سیکورٹی اہلکاروں اور عاشقان مصطفیٰ ﷺکی بہیمانہ شہادت کی سخت الفاظ میں مذمت کی گئی ۔ترجمان کے مطابق اس وقت مفتی اعظم پاکستان مفتی منیب الرحمن صاحب اور صاحبزادہ مولانا ریحان امجد نعمانی ’’انٹرنیشنل سیرت کانفرنس ‘‘میں شرکت کے لیے ملک سے باہر ہیں ،تمام علماء نے آرمی چیف جنرل عاصم منیر صاحب سے فوری ایکشن لینے کا مطالبہ کیاہے ، علمائے کرام نے چیف جسٹس آف پاکستان اور وزیر اعظم صاحب سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا: آپ دونوں کا تعلق بلوچستان سے ہے، آپ نے اب تک کیا ایکشن لیا،آپ کے اور سیکورٹی اداروں کے اعلی افسران کی توجہ سے سانحۂ جڑانوالہ کے متاثرین کو انصاف بھی مل گیا ،چرچ بھی تعمیر ہو گئے ،جہاں کسی کی جان کا نقصان بھی نہ ہوا تھا ،لیکن ان مسلمانوں کو کون انصاف دے گا ،جہاں عید میلاد النبی ﷺ کے موقع پر ان کو خون سے نہلا دیا گیا ،میڈیا کا کردار بھی بھیانک اور جانبدارانہ رہا ، ان کے نزدیک بھی بظاہر مسلمانوں کے خون کی کوئی اہمیت نہیں ،حکومت کے فل پروف سیکورٹی کے دعوے دھرے کے دھرے رہ گئے ، حکومت عوام اور علماء کو سیکورٹی دینے میں مکمل ناکام ہے۔اہلسنت ایگزیکٹیو کونسل نے مطالبہ کیا ہے: حکومت زبانی جمع خرچ کے بجائے زخمیوں کو ایمرجنسی بہترین سہولتوں کے لیے کراچی کے ہاسپیٹلز میں شفٹ کرے ، شہداء کے لیے ایک کروڑ اور زخمیوں کے لیے پچاس لاکھ روپے فوری ان کے گھر جا کر دیے جائیں ،سیکورٹی ادارے ملک دشمن اور میلاد دشمن عناصر کو انجام تک پہنچانے میں اپنی بہترین صلاحیتیں بروئے کار لائیں ،کون ملوث ہےاور کون نہیں ،ہمیں ان رپورٹس سے کوئی سرو کار نہیں ہمیں بس انصاف چاہییے اور اپنے لوگوں کے خون کا حساب چاہیے۔
نیزاہلسنت ایگزیکٹیو کونسل نے اپیل کی ہے: عوام اہلسنّت اور ذمے داران متحد رہیں ،اپنے حوصلے بلند رکھیں ،کسی سازش یا ہنگامہ آرائی کا ہرگز شکار نہ ہوں، ملک دشمن عناصر کی سازشیں مل کر ناکام بنائیں گے ، حالات چاہے جیسے بھی ہوں،جشن میلاد مصطفیٰ ،،محافل میلاد اور جلوس میلاد النبیﷺ کی صورت میں قیامت تک جاری رہے گا، شہادتیں اور مصائب ہمیں منزل کے مزید قریب کر رہی ہیں ، دین اسلام کا نظام تخت پر لاکر ہی ملک کے حالات کو بہتر کیا جا سکتا ہے ۔
30ستمبر2023 جاری کردہ: مفتی محمد عابد مبارک المدنی
ترجمان مفتی اعظم پاکستان وصدر تنظیم المساجد اہلسنّت پاکستان
Comments are closed.