لاہور30دسمبر(نمائندہ عسکر): پنجاب چیس ایسوسی ایشن اور پنجاب سپورٹس بورڈ کے زیر اہتمام قائداعظم چیس چیمپئن شپ2023 کا آغاز ہفتہ کے روز نشتر پارک سپورٹس کمپلیکس میں ہوا۔ملک بھر سے 235کھلاڑی چیمپئن شپ میں حصہ لے رہے ہیں۔
چیف سیکرٹری پنجاب زاہد اختر زمان نے ٹورنامنٹ کی افتتاحی تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔انہوں نے مختلف صوبوں سے آئے کھلاڑیوں ریحان ناصر، عبیدہ منظور اور محمود لودھی کے ساتھ چیس کھیل کر انکی حوصلہ افزائی کی اورنامور کھلاڑیوں تنویر گیلانی اورزوہیب گیلانی کے مابین بلٹ گیم میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔
افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیف سیکرٹری نے کہا کہ پنجاب حکومت چیس سمیت تمام کھیلوں کے فروغ کیلئے مکمل سپورٹ فراہم کریگی۔ انہوں نے کہا کہ بطور کھلاڑی بین الاقوامی سطح پر ملک کی نمائندگی کرنا ایک اعزاز ہوتا ہے، اچھے کھلاڑی عالمی سطح پر ملک و قوم کا نام روشن کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چیس کا کھیل نہ صرف تفریح کا ذریعہ ہے بلکہ اس سے ذہنی صلاحیتوں میں میں اضافہ ہوتا ہے۔
صدر پنجاب چیس ایسوسی ایشن ڈاکٹر نعیم رؤف نے کہا کہ سپورٹس بورڈ کے تعاون سے لاہور میں ملک کی پہلی چیس اکیڈمی قائم کی گئی ہے، اس اکیڈمی میں کھلاڑیوں کو قومی اور بین الاقوامی سطح پر کھیلنے کی ٹریننگ فراہم کی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ صوبہ کے تمام اضلاع میں چیس کے فروغ کیلئے سہولیات مہیا کی جائیں گی۔ڈی جی سپورٹس بورڈ آصف طفیل، پنجاب، سندھ، بلوچستان، خیبر پختونخواہ کی چیس ایسوسی ایشنز کے نمائندے بھی اس موقع پر موجود تھے۔
Comments are closed.