اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کا نئے سال کے پیغام میں عالمی یکجہتی پر زور
برسلز۔30دسمبر (اے پی پی):اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گُوتریس نے 2024 کو اعتماد سازی اور امید کا سال بنانے کے لیے عالمی یکجہتی پر زور دیا ہے۔ جاپانی خبررساں ادارے کے مطابق اقوام متحدہ کے سربراہ نے نئے سال کے لیے اپنے جاری ویڈیو پیغام میں کہا کہ 2023 بہت زیادہ مصائب، تشدد اور موسمیاتی آفات کا سال رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ ہمارا کرّۂ ارض خطرے میں ہے۔ 2023 ریکارڈ پر گرم ترین سال رہا ہے۔
لوگ بڑھتی ہوئی غربت اور بھوک کی چکّی میں پِس رہے ہیں۔ جنگوں اور خونریزی میں اضافہ ہو رہا ہے۔سیکرٹری جنرل نے مزید کہا کہ الزام تراشی اور ایک دوسرے کو دھمکیاں دینا مسائل کا حل نہیں ہے۔ انہوں نے دنیا پر زور دیا کہ اختلافات پر قابو پا کر یکجہتی کا مظاہرہ کیا جائے اور یہ کہ انسانیت اُس وقت مضبوط ترین ہو گی جب ہم متحد ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ امن، پائیدار ترقی اور انسانی حقوق کے لیے دنیا پر زور دیتی رہے گی۔
Comments are closed.