وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی کا آج راولپنڈی رنگ روڈ پراجیکٹ کا تفصیلی دورہ

لاہور30دسمبر (نمائندہ عسکر): 38کلو میٹر طویل راولپنڈی رنگ روڈکے میگا پراجیکٹ پر12فیصدکام مکمل۔ وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے آج راولپنڈی رنگ روڈ پراجیکٹ کا تفصیلی دورہ کیا اور منصوبے پر ہونے والی پیشرفت کا جائزہ لیا۔ وزیر اعلیٰ محسن نقوی نے پراجیکٹ پر جاری تعمیراتی کاموں کا معائنہ کیا۔ وزیر اعلیٰ محسن نقوی نے سواں پر بنائے گئے عارضی پل کا بھی معائنہ کیا اور پراجیکٹ پر تیزی رفتاری سے کام کرنے پر ایف ڈبلیو او کی ٹیم کی کارکردگی کو سراہا۔ وزیراعلی محسن نقوی کو ایف ڈبلیو او کے حکام نے منصوبے پر ہونے والی پیش رفت کے بارے بریفنگ دی۔ وزیر اعلیٰ محسن نقوی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ راولپنڈی رنگ روڈ پر 12فیصد کام مکمل ہو چکا ہے، اس منصوبے کی تکمیل کے لئے 2برس کی مدت رکھی گئی ہے تاہم پوری امید ہے کہ اگست تک مکمل کر لیں گے۔ اس منصوبے کی تکمیل سے اسلام آباد اور راولپنڈی کے شہریوں کو بے پناہ فائدہ ہوگا۔ 38 کلومیٹر طویل راولپنڈی رنگ روڈ کا منصوبہ عرصہ دراز سے التوا کا شکار تھا۔ راولپنڈی رنگ روڈ کا منصوبہ ایک طرح سے موٹروے پراجیکٹ ہے اور راولپنڈی رنگ روڈ کا پراجیکٹ پنجاب کا سب سے بڑا منصوبہ ہے۔ 38کلو میٹر رنگ روڈ پر 5بڑے انٹرچینج بنائے جائینگے۔ لینڈ ایکوزیشن کے لئے پورا معاوضہ مالکان کو دیا جائے گا، کسی کا ایک روپیہ بھی نہیں رہنے دیں گے۔ پنجاب میں جاری منصوبے ڈیڈ لائن سے قبل مکمل کیے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ دودوچھہ ڈیم پر بھی کام جاری ہے، ڈیم کی تعمیر سے راولپنڈی کے شہریوں کے لئے صاف پانی کی فراہمی کا مسئلہ حل ہوگا۔کمشنر راولپنڈی نے راولپنڈی کے شہریوں کے لئے پانی کی فراہمی کا مسئلہ حل کرنے کے لئے بڑی محنت سے کام کیا ہے۔ دودوچھہ ڈیم 2برس میں مکمل ہوگا۔ راولپنڈی کے کچہری چوک میں ٹریفک کے مسائل حل کرنے کے لئے توسیعی منصوبے پر کام کررہے ہیں۔ مری کے ہسپتال کے ایشوز کو بھی ترجیحی بنیادوں پر حل کیا ہے۔ 10ماہ میں پولیس سمیت ہر محکمے میں جتنی پروموشن کی گئی ہے گزشتہ 10برس میں اتنی پروموشن نہیں ہوئیں۔ترقی ہر ملازم کا حق ہے جو ہم نے دیا ہے۔لاہورسمیت پنجاب کے دیگر شہروں کے منصوبے ایک طرف اور راولپنڈی کے منصوبے ایک طرف۔ انہوں نے کہا کہ انتخابات کا تمام عمل الیکشن کمیشن کررہا ہے۔ جہاں پر کوئی شکایت آئی ہم نے الیکشن کمیشن سے قبل خود ایکشن لیا۔ انتخابی مہم ہر ایک کا حق ہے اور پنجاب حکومت آزادنہ اور شفاف الیکشن کے لئے معاونت کررہی ہے۔ امید ہے کہ اگلی حکومت ہماری رفتار سے بھی تیز منصوبوں پر کام جاری رکھے گی۔ محسن نقوی نے کہا کہ ہولی فیملی راولپنڈی کا سب سے بڑا ہسپتال ہے، 31 جنوری تک مکمل کریں گے۔ 1945 سے بنا ہسپتال نیا ہو رہا ہے، بیڈ اور تمام بنیادی مشینری کے آرڈر ہو چکے ہیں۔ وزیر اعلیٰ محسن نقوی کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ منصوبے کے راستے میں آنے والی یوٹیلیٹی سروسز کو مستقل طورشفٹ کیا جا رہا ہے۔ 176 سٹرکچر کلیئرہو چکے ہیں اور تمام زمین ایف ڈبلیو او حوالے کی جا چکی ہے۔ انڈر پاسز، پلوں اور پانی کی گزر گاہوں کی تعمیر کا کام شروع ہو چکا ہے۔سواں پل سے پراجیکٹ کی مشینری نہیں گزر رہی تھی، اب عارضی پل بن چکا ہے۔ صوبائی وزیر ڈاکٹر ناصر جمال،انسپکٹر جنرل پولیس ڈاکٹر عثمان انور،راولپنڈی کے کمشنر لیاقت چٹھہ، آرپی او، سی پی او، ڈپٹی کمشنر، ڈی جی رنگ روڈ اتھارٹی اورایف ڈبلیو او کے حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔

Web Desk

Comments are closed.