ژوب 30 دسمبر:کمشنر ژوب ڈویژن طارق الرحمن بلوچ نے کہا ہے، کہ ایک صحت مند معاشرے کی تشکیل کیلئے حفاظتی ٹیکہ جات کی کلیدی اہمیت ہے۔ موثرویکسینیشن کیلئے توسیعی پروگرام برائے حفاظتی ٹیکہ جات (ای پی آئی) کو مضبوط اور ویکسینیشن کوریج کو بہتربنانا ہوگا۔ آگہی مہم کو مزید وسعت دی جائے، ویکسینیشن کے بارے میں لوگوں کو ترغیب دینے اور ویکسینیشن کی اہمیت اجاگر کرنے کیلئے آگہی سیمینارکا انعقاد ماہانہ بنیاد پرکی جائے۔
ان خیالات کا اظہار انھوں نے یونیسیف کے تعاون سے محکمہ صحت کے زیراہتمام ویکسینیشن کی اہمیت اجاگر کرنے کیلئے کمیونٹی، اسٹیک ہولڈرز، قبائلی عمائدین اور دینی علماء کے منعقدہ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ سیمینار میں عالمی ادارہ صحت سمیت مخلتف غیرسرکاری تنظیموں، سرکاری محکموں کے آفیسروں اور منتخب نمائندوں نے شرکت کی۔ یونیسیف کے کوآرڈینیٹر زبیرشیرانی نے شرکاء کو حفاظتی ٹیکہ جات کی اہمیت کے حوالے سے بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان دنیا کے ان ممالک میں شامل ہے، جہاں پیدائش کے بعد بچوں کے اموات کی شرح سب سے زیادہ ہے۔ حفاظتی ٹیکہ جات (روٹین ایمونائزیشن) کے ذریعے ستر فیصد بچوں کو ایک درجن بیماریوں سے محفوظ رکھا جاسکتا ہے۔ جن میں تپ دق، پولیو، خناق، کالی کھانسی، تشنج، گردن توڑ بخار، ہیپاٹائٹس بی، اسہال، نمونیا، ٹائیفائیڈ، خسرہ اورروبیلا شامل ہیں۔ تقریب سے کمیونیکیشن آفیسر یونیسیف نذیر مردازئی ، ٹیم لیڈر ہیومن ڈویلپمنٹ فاونڈیشن نعیم گل مندوخیل اور پیرامیڈیکل سٹاف ایسوسی ایشن کے جنرل سیکرٹری قاسم مندوخیل نے بھی خطاب کیا۔
Comments are closed.