پاکستان نیوی وار کالج کے52ویں کانووکیشن کا انعقاد
پاکستان نیوی وار کالج کے52ویں کانووکیشن کا انعقاد
لاہور(31مئی2023): پاکستان نیوی اسٹاف کورس کے52ویں کانووکیشن کی تقریب پاکستان نیوی وار کالج لاہور میں منعقد ہوئی۔ چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل محمد امجد خان نیازی تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔
کانووکیشن کی تقریب میں 95افسران کو ڈگریاں تفویض کی گئیں جن میں سے54 کا تعلق پاک بحریہ،پاکستان آرمی اورپاک فضائیہ سے ہے جبکہ 41 افسران کا تعلق دوست ممالک بشمول آذر بائیجان، بحرین، بنگلہ دیش،عراق، ایران،انڈونیشیا،اردن، ملائیشیا، میانمار، نائیجیریا،عمان، فلسطین، سعودی عرب،جنوبی افریقہ سری لنکا اور یمن سے ہے۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے امیر البحر نے دنیا کو اس وقت درپیش پیچیدہ اور کثیرالنوع خطرات اور تمام خطوں پر ان کے اثرات پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے مزید کہا کہ 21ویں صدی کے کثیرالجہتی خطرات بمع جدید ٹیکنالوجی، ہتھیاروں کا پھیلاؤ اور آرٹیفیشل انٹیلی جنس بحری جنگی میدان کو انتہائی پیچیدہ بنا چکے ہیں لہذا روایتی اور یک جہتی جنگی حکمتِ عملی بھی فرسودہ ہو چکی ہے اور اسے ترک کرنا ناگزیر ہے۔ مہمانِ خصوصی نے اعلٰی پایے کی پیشہ ورانہ تعلیم کی فراہمی پر پاکستان نیوی وار کالج کی کاوشوں کو سراہا۔ انہوں نے اس امر کی بھی تعریف کی کہ پاکستان نیوی وار کالج مختلف تعلیمی ماہرین کو میری ٹائم سیکٹر سے متعلق معلومات کے فروغ میں شامل کرکے میری ٹائم سیکیورٹی کے حوالے سے آگہی میں اضافہ کررہا ہے۔
قبل ازیں، کمانڈنٹ پاکستان نیوی وار کالج نے 52ویں اسٹاف کورس کے دوران عمل میں لائی جانے والی مختلف پیشہ ورانہ اور علمی سرگرمیوں کا جائزہ پیش کیا۔ بعدازاں مہمانِ خصوصی نے کامیاب گریجویٹس میں ڈگریاں تقسیم کیں۔
کانووکیشن کی تقریب میں اعلٰی ملٹری حکام، سول معززین اور کورس کے شرکاء کے اہلخانہ شریک ہوئے۔
ڈائریکٹر جنرل پبلک ریلیشنز (نیوی)
Comments are closed.