وفاقی پولیس ،سال 2023میں 05 نئے تھانہ جات، ایک ڈویژن اور پولیس بیورو آف انوسٹی گیشن قائم، جرائم پیشہ عناصرکے خلاف کریک ڈائون ، 23 ہزار928 ملزمان اور 642 جرائم پیشہ گروہوں سمیت کل 06 ہزار 614 ملزمان سے 02 ارب 49 کروڑ 47 لاکھ روپے کا مال مسروقہ برآمد

اسلام آباد۔31دسمبر (نمائندہ عسکر):اسلام آباد کیپیٹل پولیس نے سال 2023میں عوام الناس کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کے لئے 05 نئے تھانہ جات ، ایک ڈویژن اور تفتیشی عمل کو بہتر کرنے کیلئے پولیس بیورو آف انوسٹی گیشن کا قیام عمل میں لایا، جرائم پیشہ عناصرکے خلاف کریک ڈائون میں 23 ہزار928 ملزمان کو گرفتار کیا، مال مقدمات میں 642 جرائم پیشہ گروہوں سمیت کل 06 ہزار 614 ملزمان کو گرفتار کر کے 02 ارب 49 کروڑ 47 لاکھ روپے کا مال مسروقہ بھی برآمد کیا ،

جس میں 568 گاڑیاںاور1106 موٹر سائیکل شامل ہیں۔پولیس ترجمان کی طرف سے جاری تفصیلات کے مطابق اسلام آباد کیپیٹل سٹی پولیس آفیسر ڈاکٹر اکبرناصرخاں نے کمانڈ سنبھالنے کے بعد آپریشنز ڈویژن کی کارکردگی کو مزید موثر بنانے،جرائم کی بیخ کنی،تھانہ جات کی استعدادکار میں اضافے ،موثر گشت اور عوامی مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کے لئے متعدد اقدامات اٹھائے،جن میں افسر مہتمم تھانہ کے دفتر کی استعداد کار میں اضافہ ،کورٹ کمپلائنس یونٹ کا قیام اورانسداد رابری و ڈکیتی یونٹ کے قیام جیسے اقدامات شامل ہیں،جبکہ اسلام آباد کیپیٹل پولیس میںسال 2022تک تفتیش کا کوئی الگ نظام موجود نہ تھا،تفتیشی نظام میں بہتری اور شفافیت لانے کے لئے سال 2023 میں متعدد اہم اصلاحات کیں جن میں پولیس بیورو آف انوسٹی گیشن کا قیام قابل ذکر ہے

جس سے تھانے کی سطح پر تفتیش اور آپریشنل معاملات کو الگ کیا گیا۔ اسی طرح اسلا م آباد کیپیٹل پولیس میں عورتوں اور بچوں کے خلاف جنسی جرائم کی تفتیش کا یونٹ ، انسداد رابری و ڈکیتی یونٹ، عدالتی احکامات کی تعمیل کا یونٹ اور زیر تفتیش ملزمان کی عدالتوں میں الیکٹرانک حاضری بھی شعبہ تفتیش میں اصلاحات کا حصہ ہیں۔ جرائم کی روک تھام کے لئے گشت کا نظام انتہائی اہمیت کا حامل ہے، جس کے لئے اسلام آباد میں نئی ڈولفن ایمرجنسی ریسپانس یونٹ کا قیام عمل میں لایا گیا۔اس خصو صی یونٹ کے قیام کے بعد پولیس کا ریسپانس کا وقت 8سے 4منٹ تک آگیا ہے،اسی طرح عوام الناس کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کے لئے 05 نئے تھانہ جات اور ایک ڈویژن کا قیام بھی عمل میں لایاگیا۔حکومت پاکستان کے احکامات پراسلام آباد کیپیٹل پولیس نے شہر میں غیر قانونی مقیم غیر ملکیوں کے خلاف متعدد آپریشنز کرکے10ہزار سے زائدغیر قانونی مقیم غیر ملکیوں کو ان کے وطن واپس بھجوایا،

یہ انتہائی مشکل فریضہ تھا لیکن اسلام آباد کیپیٹل پولیس کے افسران و جوانوں نے انتہائی پیشہ وارانہ طریقہ سے اس سارے عمل کو منطقی انجام تک پہنچایا ، اس دوران کوئی ناخوشگوار واقعہ پیش نہیں آیا،اسلام آباد کیپیٹل پولیس نے سال 2023میں جرائم پیشہ عناصرکے خلاف بھرپور کریک ڈائون میں 23 ہزار 928 ملزمان کو گرفتار کیا،مالی مقدمات میں 642 جرائم پیشہ گروہوں کے کل 06 ہزار614 ملزمان کو گرفتار کر کے 02 ارب 49 کروڑ 47 لاکھ روپے کا مال مسروقہ بھی برآمد کیا ،جس میں 568 گاڑیاں اور1106موٹر سائیکل شامل ہیں۔ اسلام آبادکیپیٹل پولیس نے ایک سال کے دوران ڈکیتی و سرقہ بالجبر میں ملوث2061 ملزمان کو گرفتار کر کے ان سے 29 کروڑ 57 لاکھ روپے سے زائد کا چھینا گیا

مال جس میں 31 گاڑیاں اور 163 موٹر سائیکل شامل ہیں برآمد کیا۔غیرقانونی اسلحہ رکھنے کے جرم میں 1947ملزمان کو گرفتار کر کے 111 کلاشنکوف اور رائفلیں، 33 بندوقیںاور کاربین، 1672 پستول ، 128خنجر اور 8,541 ایمونیشن برآمد کیا،جبکہ 2,675 اشتہاریوں کو قانون کے کٹہرے میں لایا گیا۔

مخصوص تفتیشی یونٹس کا قیام سنگین جرائم کی موثر تفتیش میں انتہائی مددگار ثابت ہوئے اور سال 2023 میں قتل کے 35 مقدمات پر عدالتوں نے فیصلے سنائے، 20 مقدمات میں ملزمان کو سزائے موت جبکہ 15مقدمات میں ملزمان کو عمر قید کی سزائیں سنائی گئیں۔ اس سے پہلے سنگین نوعیت کے مقدمات کے اتنی تعداد میں فیصلے نہیں ہوئے، سال 2023 میں ضلع بھر کے تھانہ جات میں 24 ہزار 326 مقدمات کا اندراج کیا گیا جن میں سے شعبہ تفتیش نے 20 ہزار 148 مقدمات کی تفتیش مکمل کی

جبکہ فقط 4 ہزار178 مقدمات زیر تفتیش ہیں۔ان تمام تر اقدامات کا اولین مقصد مقدمات کی تفتیش میں شفافیت ،میرٹ کو برقرار رکھنا، جرائم پیشہ عناصر کو عدالتوں سے سزا دلوانااور شہریوں کو انصاف دلانا ہے ،اسلام آباد کیپیٹل پولیس نے جرائم کی بیخ کنی میں دن رات کوشاں ہے اور اپنے فرائض کی ادائیگی کے دوران کئی افسران و جوان جرائم پیشہ عناصر کی گولیوں کا نشانہ بن کر شہادت و غازیان کے رتبہ پر فائز ہوئے، جرائم کا خاتمہ عوام کے تعاون کے بغیر ناممکن ہے، اس لئے شہریوں سے گزارش ہے کہ وہ پولیس کے ساتھ تعاون کریں،آئیں ہم سب مل کر اپنے خوبصورت شہر کو امن کا گہوارہ بنائیں۔

Web Desk

Comments are closed.