عقیل خان نے 8ویں سرینا ہوٹلز نیشنل رینکنگ ٹینس چیمپئن شپ جیت لی
اسلام آباد۔31دسمبر (اے پی پی):عقیل خان نے 8ویں سرینا ہوٹلز نیشنل رینکنگ ٹینس چیمپئن شپ جیت لی۔ اتوار کو پی ٹی ایف ٹینس کمپلیکس میں کھیلے گئے مینز سنگل کے فائنل میں عقیل خان نے محمد شعیب کو 6-3، 1-6 اور 6-2 سے ہرا کر ٹائٹل اپنے نام کیا۔ لیڈیز سنگلز فائنل میں سارہ محبوب خان نے مہک کھوکھر کو 6-3 اور 6-2 سے شکست دے کر ایونٹ جیت لیا۔ بوائز سنگل انڈر۔14 کے فائنل میں امیر محمد خان مزاری نے عبداللہ باسط کو ہرا کر انڈر۔14 کا ٹائٹل جیت لیا۔ فائنل کی اختتامی تقریب کے مہمان خصوصی سرینا ہوٹلز کے سی ای او عزیز بولانی تھے۔ تقریب میں پاکستان ٹینس فیڈریشن کے صدر سلیم سیف اللہ خان نے بطور مہمان اعزاز شرکت کی۔
اس موقع پر پی ٹی ایف کے سیکرٹری جنرل کرنل ر گل رحمان، سرینا ہوٹلز کے ڈائریکٹر عمران حسن، سرینا ہوٹلز کی حنا نذیر، خیبر پختونخوا ٹینس ایسوسی ایشن کے صدر محمد سلیم مروت، اسلام آباد ٹینس ایسوسی ایشن کے سیکرٹری عارف قریشی، کھلاڑیوں، کوچز، والدین، میڈیا، سرینا ہوٹلز کے عہدیداران اور ٹینس سے لگائو رکھنے والوں کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی۔ اس موقع پر پی ٹی ایف کے صدر سلیم سیف اللہ خان نے پاکستان ٹینس کے فروغ پر سرینا ہوٹلز کی انتظامیہ بالخصوص سرینا ہوٹلز کے سی ای او کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے بھرپور کوریج پر میڈیا کی کاوشوں کو بھی سراہا۔
Comments are closed.