اسرائیل کے ساتھ تنازع کو بین الاقوامی سطح پر لے جانا فلسطینی اتھارٹی کا حق ہے،فلسطین
عمان۔1اگست فلسطین کی وزیر خارجہ فارِسین آغابکیان نے کہا ہے کہ اسرائیل کے ساتھ تنازع کو بین الاقوامی سطح پر لے جانا فلسطینی اتھارٹی کا حق ہے۔ العربیہ اردو کے مطابق انہوں نے گزشتہ روز اردن کے دار الحکومت عمان ایک انٹرویو کے دوران کہا کہ دو ریاستی حل سے متعلق بین الاقوامی کانفرنس فلسطینی ریاست کے قیام کو عملی شکل دینے کے لیے نہایت اہم ہے۔
انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی برادری پر لازم ہے کہ وہ اسرائیلی قبضے کے خاتمے اور فلسطینی ریاست کے قیام کی ذمہ داری قبول کرے۔انہوں نے مزید وضاحت کی کہ دو ریاستی حل سے متعلق بین الاقوامی کانفرنس کے اختتامی بیان میں عمل درآمد کے لئے واضح بنیادیں موجود ہیں اور یہ اعلامیہ آئندہ مرحلے میں واضح اور عملی اقدامات کی صورت اختیار کرے گا۔
ان کا یہ بیان ایسے وقت سامنے آیا ہے جب جمعرات کو امریکا نے فلسطینی اتھارٹی اور پی ایل او کے بعض عہدیداروں پر پابندیاں عائد کر دیں۔ امریکی محکمہ خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں ان افراد کی شناخت ظاہر کئے بغیر ان پر اسرائیل کے خلاف تنازع کو بین الاقوامی سطح پر اٹھانے کی کوششوں کا الزام عائد کیا گیا ۔ ان امریکی پابندیوں کے تحت ان شخصیات کو ویزے دینے سے انکار کیا جائے گا۔
Comments are closed.