پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما و رکن بلوچستان اسمبلی حاجی علی مدد جتک نے اعلان کیا کہ شیخ زید ہسپتال سریاب میں 40 کروڑ روپے کی لاگت سے جدید ٹراما سینٹر کی تعمیر جلد شروع کی جائے گی
کوئٹہ 4 آگست
پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما و رکن بلوچستان اسمبلی حاجی علی مدد جتک نے کہا ہے کہ عوام کو صحت، تعلیم اور دیگر بنیادی سہولیات کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے اعلان کیا کہ شیخ زید ہسپتال سریاب میں 40 کروڑ روپے کی لاگت سے جدید ٹراما سینٹر کی تعمیر جلد شروع کی جائے گی، جس سے مریضوں کو سول ہسپتال یا بولان میڈیکل کمپلیکس جانے کی ضرورت نہیں پڑے گی۔
یہ بات انہوں نے پیر کے روز اپنے ایم پی اے فنڈز سے شیخ زید ہسپتال کو جدید سہولیات سے آراستہ دو ایمبولینسیں دینے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ ایمبولینسز کی چابیاں ہسپتال کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر ڈاکٹر شیر احمد ساتکزئی کے حوالے کی گئیں۔
حاجی علی مدد جتک نے کہا کہ ہسپتال کو فعال اور مؤثر بنانے کے لیے ہر ممکن تعاون فراہم کیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ مریضوں کو بروقت سہولیات کی فراہمی کے لیے ایمبولینسز انتہائی اہم کردار ادا کرتی ہیں، اور ان کی کوشش ہوگی کہ مستقبل میں مزید ایمبولینسز بھی مہیا کی جائیں۔
انہوں نے مزید بتایا کہ ہسپتال میں بجلی کے مسئلے کے مستقل حل کے لیے 10 کروڑ روپے کی لاگت سے جدید سولر سسٹم نصب کیا جا رہا ہے، جبکہ صحت اور تعلیم کے شعبے میں بہتری کے لیے انہوں نے اپنے فنڈز سے 10،10 کروڑ روپے مختص کیے ہیں۔
اس موقع پر ایگزیکٹو ڈائریکٹر شیخ زید ہسپتال ڈاکٹر شیر احمد ساتکزئی نے حاجی علی مدد جتک کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ان کے تعاون سے ہسپتال مکمل طور پر فعال ہو چکا ہے اور اب 24 گھنٹے مریضوں کو مفت طبی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ تمام ادویات ہسپتال میں دستیاب ہیں جن کا کمپیوٹرائزڈ ریکارڈ بھی موجود ہے۔
ڈاکٹر ساتکزئی نے ہسپتال کی مشینری کی مرمت کے لیے فنڈز کی کمی کی نشاندہی کرتے ہوئے کہا کہ وہ اس مسئلے کے حل کے لیے وزیراعلیٰ اور وزیر صحت سے بات کریں گے۔
تقریب کے اختتام پر حاجی علی مدد جتک نے ہسپتال کے مختلف شعبوں کا معائنہ کیا اور مریضوں کو فراہم کی جانے والی سہولیات پر اطمینان کا اظہار کیا۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ اگر ہسپتال کو مزید کسی چیز کی ضرورت پیش آئی تو وہ ذاتی دلچسپی لے کر وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی سے خصوصی فنڈز کی منظوری دلائیں گے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ شہید بے نظیر بھٹو ہسپتال کے لیے جدید مشینری اور دیگر ضروری سامان پہنچ چکا ہے، اور جلد ہی پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اس ہسپتال کا باقاعدہ افتتاح کریں ۔
Comments are closed.