آر کے اسپورٹس مینجمنٹ کا ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام شروع کرنے کا اعلان

9

کراچی (اسٹاف رپورٹر) – آر کے اسپورٹس مینجمنٹ کے سی ای او رئیس خان نے اعلان کیا ہے کہ تنظیم جلد ہی ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام شروع کر رہی ہے، جس کے ذریعے نوجوان کھلاڑیوں کو اپنی صلاحیت دکھانے اور آگے بڑھنے کا موقع ملے گا۔ رئیس خان نے یہ بات فٹبال اسٹیڈیم گذری کے دورے کے دوران پاک اسپورٹس فٹبال کلب کے چیئرمین عدنان عبدالصمد سے ملاقات کے دوران کہی۔

انہوں نے کہا کہ اس ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام میں شامل کھلاڑیوں پر مشتمل ایک ٹیم تشکیل دی جائے گی جس کا نام ’’رئیس ایف سی‘‘ ہوگا اور یہ ٹیم مستقبل میں مختلف ممالک کا دورہ کرے گی۔ رئیس خان نے پاک اسپورٹس فٹبال کلب کو اپنے تعاون کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ کلب کے کھلاڑیوں کو آر کے اسپورٹس مینجمنٹ کی جانب سے کٹ فراہم کی جائے گی تاکہ وہ بہترین انداز میں کھیل کا مظاہرہ کر سکیں۔

رئیس خان نے مزید کہا کہ ملک میں نوجوانوں میں کھیلوں کے لیے غیرمعمولی ٹیلنٹ موجود ہے اور اگر حکومتی سطح پر اسپورٹس آرگنائزرز کو وسائل فراہم کیے جائیں تو مزید کھلاڑی سامنے آ سکتے ہیں۔ پاک اسپورٹس فٹبال کلب کے چیئرمین عدنان عبدالصمد نے رئیس خان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اس تعاون کا سلسلہ مستقبل میں بھی جاری رہے گا اور رئیس خان جیسے اسپورٹس آرگنائزر کی وجہ سے ملک میں فٹبال کے کھیل کو فروغ مل رہا ہے۔

دریں اثناء رئیس خان نے پاک اسپورٹس فٹبال کلب کے کھلاڑیوں سے ملاقات کی اور ان کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے کہا کہ نوجوان کھلاڑی اپنی محنت اور لگن کے ذریعے ملک و قوم کا نام روشن کریں۔

Web Desk

Comments are closed.