پاکستان اوربحرین کے برادرانہ تعلقات وقت کے ساتھ مزید مضبوط ہو رہے ہیں،وزیراعظم محمد شہباز شریف کی بحرین کے وزیر داخلہ جنرل راشد بن عبداللہ الخلیفہ سے ملاقات میں گفتگو

اسلام آباد۔10ستمبر :وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان اوربحرین کے برادرانہ تعلقات وقت کے ساتھ مزید مضبوط ہو رہے ہیں،دونوں ممالک کے درمیان تجارت سمیت دیگر مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کے خواہاں ہیں ،ہماری خواہش ہے کہ بحرین پاکستان میں مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کرے۔بدھ کو وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق انہوں نے ان خیالات کا اظہار یہاں بحرین کے وزیر داخلہ جنرل راشد بن عبداللہ الخلیفہ سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جنہوں نے وزیراعظم ہاﺅس میں ان سے ملاقات کی۔ وزیراعظم نے بحرین کے وزیر داخلہ کو پاکستان آمد پر خوش آمدید کہا۔ وزیر اعظم نے بحرین کے شاہ حمد بن عیسیٰ الخلیفہ کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ بحرین اور پاکستان کے درمیان گہرے برادرانہ تعلقات ہیں جو گزرتے وقت کے ساتھ مزید مضبوط ہو رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان بحرین کے ساتھ تجارت سمیت دیگر مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کا خواہاں ہے۔ انہوں نے کہا کہ بحرین میں ایک لاکھ 20 ہزار کے قریب پاکستانی موجود ہیں جو دونوں ممالک کی ترقی میں ایک کردار ادا کر رہے ہیں۔وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان بحرین کے سرمایہ کاروں اور کاروباری افراد کے لئے تیز تر ویزہ پراسیسنگ کی سہولیات فراہم کر رہا ہے۔ انہوں نے کہاکہ ہماری خواہش ہے کہ بحرین پاکستان میں مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کرے ،ہم بیرونی سرمایہ کاروں اور کاروباری افراد کو ہر ممکن سہولت فراہم کرنے کے لئے کوشاں ہیں، خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل اس حوالہ سے نمایاں کردار ادا کر رہی ہے۔ وزیر اعظم نے بحرین کے پولیس اہلکاروں کی نیشنل پولیس اکیڈمی اسلام آباد میں تربیت کے لئے بھی پیشکش کی۔بحرین کے وزیر داخلہ نے پاکستان میں پرتپاک استقبال اور میزبانی پر پر وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا۔ملاقات میں نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار ، وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی ، وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری ، وزیر اعظم کے معاون خصوصی طارق فاطمی اور متعلقہ اعلیٰ سرکاری افسران بھی موجود تھے

Web Desk

Comments are closed.