ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل ڈاکٹر عبدالشکور اور ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر عبداللطیف دشتی نے بچوں کو پولیو وائرس سے بچاو  کے ویکسین کے قطرے پلا کر انسدادِ پولیو مہم (این آئی ڈی اکتوبر) کا باقاعدہ افتتاح کیا

3

گوادر13اکتوبر۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل ڈاکٹر عبدالشکور اور ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر عبداللطیف دشتی نے بچوں کو پولیو وائرس سے بچاو  کے ویکسین کے قطرے پلا کر انسدادِ پولیو مہم (این آئی ڈی اکتوبر) کا باقاعدہ افتتاح کیا۔اس موقع پر عالمی ادار صحت (ڈبلیو ایچ او) کے ڈی ایس او ڈاکٹر ظفر اقبال سمیت محکمہ صحت کے افسران، فیلڈ اسٹاف، والدین، سول سوسائٹی کے نمائندگان اور شہریوں کی بڑی تعداد موجود تھی، جنہوں نے پولیو کے خاتمے کے عزم کا اظہار کیا۔ڈاکٹر عبدالشکور نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پولیو جیسے موذی مرض کا مکمل خاتمہ قومی ذمہ داری ہے، اور اس مقصد کے حصول کے لیے والدین، اساتذہ اور معاشرے کے ہر فرد کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ کوئی بھی بچہ پولیو ویکسین سے محروم نہ رہے، یہی مہم کی اصل کامیابی ہوگی۔ ان کا کہنا تھا کہ ضلعی انتظامیہ، محکمہ صحت اور عالمی ادارے مل کر اس مہم کو سو فیصد کامیاب بنانے کے لیے تمام تر وسائل بروئے کار لا رہے ہیں۔ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ انسدادِ پولیو مہم کے دوران پانچ سال تک کی عمر کے تقریباً تمام بچوں کو پولیو سے بچاو کے قطرے پلانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ بچوں کو وٹامن اے کے قطرے بھی پلائے جا رہے ہیں تاکہ ان کی قوتِ مدافعت مضبوط ہو اور وہ موسمی و متعدی امراض سے محفوظ رہ سکیں۔انہوں نے مزید کہا کہ مہم کے دوران دروازہ بہ دروازہ ٹیمیں گھر گھر جا کر بچوں کو قطرے پلا رہی ہیں جبکہ مساجد، تعلیمی اداروں اور عوامی مقامات پر آگاہی مہم بھی جاری ہے تاکہ کوئی بچہ ویکسین سے محروم نہ رہ جائے۔واضح رہے کہ انسدادِ پولیو مہم ضلع گوادر کے تمام علاقوں شہری و دیہی میں بھرپور انداز میں جاری ہے، اور ضلعی انتظامیہ، محکمہ صحت، اور عالمی ادار صحت کی مشترکہ کاوشوں سے پولیو کے خاتمے کے قومی ہدف کے حصول کے لیے عزمِ نو کی تجدید کی جا رہی ہے۔

Web Desk

Comments are closed.