یونیورسٹی آف تربت نے اپنے تعلیمی اور ادارہ جاتی معاملات سمیت تمام امور میں کوالٹی کو یقینی بنانے کے سلسلے میں اہم کامیابی حاصل کی ہے
تربت 13اکتوبر 2025: یونیورسٹی آف تربت نے اپنے تعلیمی اور ادارہ جاتی معاملات سمیت تمام امور میں کوالٹی کو یقینی بنانے کے سلسلے میں اہم کامیابی حاصل کی ہے- تفصیلات کے مطابق تربت یونیورسٹی کے کوالٹی انہانسمنٹ سیل (کیوای سی) نے انول پرفارمنس رپورٹ2023-2024 میں 100 میں سے 69.64 اسکور حاصل کیے ہیں جوکہ تربت یونیورسٹی کی ایک بہت بڑی کامیابی ہے۔یہ بات گزشتہ ہفتے ہائرایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) آف پاکستان کے ذیلی ادارے کوالٹی ایشورنس ایجنسی (کیواے اے) کی جانب سے جاری کردہ ایک اعلامیے میں سامنے آئی ہے۔ یہ کامیابی تربت یونیورسٹی جیسی نئی اور تیزی سے ابھرتی ہوئی تعلیمی ادارے کے لیے ایک غیر معمولی سنگ میل ہے۔اس سے یہ بات ثابت ہوتی ہے کہ تربت یونیورسٹی اپنے قیام سے ہی اپنے تعلیمی پروگرامز، تدریسی طریقہ کار اور ادارہ جاتی معاملات میں کوالٹی کو برقرار رکھنے اوراسے مزید بہتر بنانے کے لیے مسلسل کوشاں ہے۔
یہ کامیابی اس امر کا بھی مظہر ہے کہ تربت یونیورسٹی، کوالٹی انہانسمنٹ سیل کے ذریعے ہائرایجوکیشن کمیشن کی وضع کردہ پالیسیوں اور گائیڈ لائنز پر عمل پیراہے۔یونیورسٹی ترجمان کے مطابق یہ کامیابی تربت یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر گل حسن کی وژنری قیادت، اکیڈمک و ایڈمنسٹریٹو اسٹاف کی محنت اور ڈاکٹر ریاض احمد کی سربراہی میں کیوای سی ٹیم کی انتھک کوششوں کا نتیجہ ہے۔ترجمان کے مطابق تربت یونیورسٹی کی کیوای سی اسکور میں نمایاں بہتری فیکلٹی ممبران اور انتظامی عملے کی اجتماعی کاوشوں اور ٹیم ورک کاثمر ہے۔
گزشتہ تعلیمی سال کیوای سی کااسکور 64 رہاتھا جو اب 6 پوائنٹس کے قابل ذکراضافے کے ساتھ تقریبا 70 اسکور تک پہنچ گیاہے اور بہتری کا یہ سلسلہ آئندہ بھی جاری رہے گا۔اس غیرمعمولی کامیابی پر وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر گل حسن نے یونیورسٹی کمیونٹی کو دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ تربت یونیورسٹی درست سمت میں گامزن ہےاور فیکلٹی اور انتظامیہ کی مشترکہ کوششوں سے تربت یونیورسٹی جلد ہی ملک کی صف اول کی یونیورسٹیوں میں شامل ہو جائے گی۔
Comments are closed.