عسکر انٹرنیشنل رپورٹ
راولپنڈی، 15 اکتوبر 2025:
پاک فوج نے سپن بولدک (بلوچستان) اور کرم سیکٹر (خیبر پختونخوا) میں افغان طالبان اور فتنہ الخوارج کی جانب سے ہونے والے بزدلانہ حملوں کو مؤثر اور بروقت کارروائی کرتے ہوئے ناکام بنا دیا۔
محکمہ تعلقاتِ عامہ پاک فوج (آئی ایس پی آر) کے مطابق، 15 اکتوبر کی علی الصبح افغان طالبان نے سپن بولدک کے چار مختلف مقامات پر اچانک حملہ کیا، تاہم پاک فوج کی محصر جوابی کارروائی کے نتیجے میں دشمن کو بھاری جانی نقصان اٹھانا پڑا۔
رپورٹ کے مطابق، افغان طالبان نے مقامی آبادی کو انسانی ڈھال کے طور پر استعمال کیا اور پاک افغان دوستی گیٹ کو اپنی جانب سے تباہ کر دیا، جس سے ان کے تجارتی و قبائلی روابط کے مخالفانہ عزائم واضح ہو گئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق 15 سے 20 افغان طالبان ہلاک جبکہ متعدد زخمی ہوئے۔ مزید اطلاعات کے مطابق فتنہ الخوارج اور طالبان کے گروہوں کی مزید نقل و حرکت سپن بولدک کے اطراف دیکھی جا رہی ہے۔
یہ حملہ الگ تھلگ واقعہ نہیں تھا۔ گزشتہ رات 14 اور 15 اکتوبر کی درمیانی شب میں افغان طالبان اور فتنہ الخوارج نے کرم سیکٹر میں بھی پاکستانی پوسٹوں پر حملے کی کوشش کی، جسے پاک فوج نے منہ توڑ جواب دیتے ہوئے ناکام بنایا۔ کارروائی کے دوران آٹھ دشمن پوسٹیں اور چھ ٹینک بمعہ عملہ تباہ کیے گئے جبکہ 25 سے 30 دہشت گرد ہلاک ہوئے۔
آئی ایس پی آر نے واضح کیا کہ طالبان حکومت کا یہ دعویٰ کہ حملے کا آغاز پاکستان نے کیا، سراسر جھوٹ اور بے بنیاد پروپیگنڈا ہے۔
بیان میں کہا گیا کہ پاکستانی مسلح افواج ملک کی خودمختاری اور سرحدی سلامتی کے تحفظ کے لیے ہر لمحہ تیار ہیں، اور پاکستان پر کسی بھی قسم کی جارحیت کا جواب بھرپور طاقت سے دیا جائے گا۔
Comments are closed.