جامعہ تربت میں اسکاٹ لینڈ پاکستان اسکالرشپ کے لیے طالبات کے انٹرویوز مکمل
عسکر انٹرنیشنل رپورٹ
تربت: جامعہ تربت کی انسٹی ٹیوشنل اسکالرشپ ایوارڈ کمیٹی کے تحت نوجوان خواتین اور طالبات کے لیے اسکاٹ لینڈ پاکستان اسکالرشپ پروگرام کے امیدواروں کے انٹرویوز مکمل کر لیے گئے۔
اجلاس کی صدارت جامعہ تربت کے پرو وائس چانسلر ڈاکٹر کمال احمد نے کی، جبکہ رجسٹرار گنگزار بلوچ، ڈائریکٹر فنانس شاہ بیک سید، چیئرمین شعبہ کیمسٹری ڈاکٹر ظفر علی، چیئرپرسن شعبہ ایجوکیشن رقیہ میروانی اور انچارج فنانشل ایڈ آفس ڈاکٹر بدل خان نے شرکت کی۔
اس موقع پر متعلقہ شعبوں اور تعلیمی پروگراموں سے تعلق رکھنے والی طالبات کمیٹی کے سامنے انٹرویوز کے لیے پیش ہوئیں۔
پرو وائس چانسلر ڈاکٹر کمال احمد نے کہا کہ اس اسکالرشپ پروگرام کا بنیادی مقصد باصلاحیت اور مستحق طالبات کو مالی معاونت فراہم کرنا ہے، جنہیں اعلیٰ تعلیم کے حصول اور اسے جاری رکھنے میں مالی مشکلات کا سامنا ہے، خصوصاً پسماندہ طبقوں سے تعلق رکھنے والی طالبات کو تعلیم کے بہتر مواقع فراہم کرنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس پروگرام کے ذریعے طالبات کو ایسے شعبوں میں اعلیٰ تعلیم حاصل کرنے کا موقع ملے گا جو ملک کی ترقی کے لیے اہمیت رکھتے ہیں۔
ڈاکٹر کمال احمد نے مزید بتایا کہ جامعہ تربت کے ہونہار اور مستحق طلبہ و طالبات کی ایک بڑی تعداد کو دیگر اسکالرشپ پروگراموں کے تحت بھی مالی معاونت فراہم کی جا رہی ہے۔


Comments are closed.