گورنر خیبرپختونخوا کی نوجوان ایتھلیٹ مسعود کی حوصلہ افزائی، پانچ لاکھ روپے کا چیک پیش

0

عسکر انٹرنیشنل رپورٹ

پشاور: گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے نوجوان انٹرنیشنل ایتھلیٹ مسعود کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے انہیں پانچ لاکھ روپے کا چیک پیش کیا اور ان کے علاج معالجے کے لیے محکمہ صحت کو ضروری ہدایات جاری کر دیں۔

یہ بات گورنر سے مشیر کھیل ڈاکٹر سرفراز علی کی سربراہی میں پشاور سے تعلق رکھنے والے ایتھلیٹ مسعود کی ملاقات کے دوران سامنے آئی۔ ملاقات میں سیکریٹری کھیل محمد آصف، ایتھلیٹ کے کوچ اور دیگر متعلقہ حکام بھی موجود تھے۔

گورنر فیصل کریم کنڈی نے مسعود کی محنت، عزم اور لگن کو سراہتے ہوئے کہا کہ انہوں نے سوشل میڈیا پر نوجوان ایتھلیٹ کی ویڈیو دیکھی تھی، جس کے بعد ان سے رابطہ کیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ بدقسمتی سے دیگر صوبوں کی نسبت خیبرپختونخوا میں نوجوان کھلاڑیوں کو وہ سرپرستی اور تعاون نہیں مل سکا جس کے وہ مستحق ہیں، حالانکہ صوبے کے نوجوان بے پناہ صلاحیتوں کے مالک ہیں۔

گورنر نے کہا کہ ضرورت اس امر کی ہے کہ نوجوانوں کی صلاحیتوں کو نکھار کر انہیں قومی اور بین الاقوامی سطح پر متعارف کرایا جائے۔ گزشتہ سال شروع کیے گئے ’’ایڈاپٹ اے پلیئر‘‘ اقدام کے تحت صوبے کا نام روشن کرنے والے 100 سے زائد نوجوان کھلاڑیوں کو ایوارڈز سے نوازا گیا تھا۔

انہوں نے محکمہ کھیل کو ہدایت کی کہ اس پروگرام کے تحت نوجوان کھلاڑیوں کی سرپرستی کے لیے مختلف سرکاری محکموں اور شعبہ جات سے رابطوں کا مؤثر لائحہ عمل تیار کیا جائے۔

فیصل کریم کنڈی نے زور دیا کہ نوجوان کھلاڑیوں کو میرٹ کی بنیاد پر آگے لایا جائے اور رشتہ داری یا سفارش کے بجائے صلاحیت اور کارکردگی کو ترجیح دی جائے۔

انہوں نے محکمہ کھیل کو ہدایت کی کہ نئے ٹیلنٹ کو سامنے لانے اور کھلاڑیوں کی شکایات کے ازالے کے لیے سوشل میڈیا سمیت دیگر مؤثر ذرائع استعمال کیے جائیں۔ ایسا نظام بھی وضع کیا جائے جس کے تحت کھلاڑی گھر بیٹھے محکمہ کھیل سے رابطہ کر سکیں۔

گورنر نے بتایا کہ کرکٹ کی سرگرمیوں کے فروغ اور کھیلوں کے میدانوں کی بہتری کے لیے چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ سے بھی بات کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملکی سطح پر کھیلوں کے مقابلوں میں خیبرپختونخوا کی مؤثر نمائندگی یقینی بنانے کے لیے اقدامات کیے جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ صوبے کا مثبت تشخص اجاگر کرنے اور یہاں کے باصلاحیت نوجوانوں کو قومی و بین الاقوامی سطح پر مواقع فراہم کرنے کے لیے کوششیں جاری رکھی جائیں گی۔

واضح رہے کہ ایتھلیٹ مسعود پشاور سے اسکردو اور پشاور سے کراچی تک طویل فاصلے کی رننگ کامیابی سے مکمل کر چکے ہیں۔

Web Desk

Comments are closed.