بلوچستان کے مختلف علاقوں میں زلزلے کے جھٹکے، سومیانی میں شدت 5.2 ریکارڈ، جانی نقصان کی اطلاع نہیں
عسکر انٹرنیشنل رپورٹ
کوئٹہ، 16 دسمبر 2025 —
بلوچستان کے مختلف علاقوں میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے جس کے باعث شہریوں میں خوف و ہراس پھیل گیا، تاہم تاحال کسی جانی یا مالی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔ زلزلہ پیما مرکز کے مطابق گزشتہ شب کراچی سے تقریباً 87 کلومیٹر کے فاصلے پر واقع ساحلی علاقے سومیانی میں آنے والے زلزلے کی شدت ریکٹر اسکیل پر 5.2 ریکارڈ کی گئی، جبکہ اس کی زیرِ زمین گہرائی 12 کلومیٹر تھی۔
زلزلے کے جھٹکے سومیانی کے علاوہ وندر، حب اور گڈانی میں بھی واضح طور پر محسوس کیے گئے، جس کے بعد لوگ احتیاطاً گھروں اور عمارتوں سے باہر نکل آئے۔ مقامی انتظامیہ کے مطابق فوری طور پر ریسکیو اور ایمرجنسی اداروں کو الرٹ کر دیا گیا تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹا جا سکے۔
چند گھنٹے بعد ضلع سبی اور اس کے گردونواح میں بھی ہلکے زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے، جن کی شدت 3.2 ریکارڈ کی گئی۔ زلزلے کا مرکز سبی شہر سے تقریباً 53 کلومیٹر جنوب مغرب میں تھا۔ اگرچہ جھٹکے مختصر دورانیے کے تھے، تاہم شہریوں میں تشویش پائی گئی۔
حکام نے واضح کیا ہے کہ اب تک کسی قسم کے نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔ عوام کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ پرسکون رہیں، احتیاطی تدابیر اختیار کریں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال کی صورت میں متعلقہ اداروں سے فوری رابطہ کریں۔
Comments are closed.