سوچ کی بقا، فتح اور شکست کا حقیقی معنوں میں تعین

0

احمدخان اچکزئی

محترم قارئین، انسان دشمن کے وار سے نہیں بلکہ اندرونی فکری کمزوری اور ذہنی شکست سے دم توڑتا ہے۔ ظالم قوتیں انسان کی جسمانی زندگی کو نقصان پہنچا سکتی ہیں، اس کا گھر اجاڑ سکتی ہیں، اس کا کاروبار بند کر سکتی ہیں اور اسے قید و بند کی صعوبتوں میں مبتلا کر سکتی ہیں، لیکن وہ کسی بھی انسان کے فکر اور عزم کو اس وقت تک ختم نہیں کر سکتیں جب تک کہ وہ خود اپنے اندرتاریکی کو جگہ نہ دے۔ تاریخ اس بات کی گواہ ہے کہ جب انبیاء اور اولیاء پر مصائب کے پہاڑ توڑے گئے تو دشمنوں نے انہیں مٹانے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی، مگر وہ اس لیے سرخرو رہے کیونکہ ان کی فکری بنیادیں غیر متزلزل تھیں۔ حضرت یوسف علیہ السلام کو جب اپنوں ہی کی طرف سے کنویں کی اتھاہ گہرائیوں میں پھینکا گیا، غلامی کی زنجیروں میں جکڑا گیا اور طویل قید خانوں میں ڈالا گیا، تو ظالموں نے انہیں ہر طرح سے کمزور کرنا چاہا۔ مگر وہ ہر آزمائش میں کامیاب و کامران رہے کیونکہ ان کی سوچ کے افق پر یقین، استقامت اور صبر کے ستارے روشن تھے۔ اسی طرح حضرت موسیٰ علیہ السلام کے سامنے جب تلاطم خیز سمندر حائل تھا اور پشت پر فرعون کا جابر لشکر موجود تھا، تو انہوں نے گھبرانے کے بجائے اس غیر متزلزل یقین کا اظہار کیا کہ ان کا رب ان کے ساتھ ہے اور وہی بہترین راستہ نکالے گا۔ آج ہمارا المیہ یہ ہے کہ ہمیں دشمن کی گولیوں نے اتنا نقصان نہیں پہنچایا جتنا ہم نے خود اپنی سوچ کو منفی بنا کر نقصان پہنچایا ہے۔ جب انسان یا کوئی معاشرہ یہ تسلیم کر لے کہ اب حالات کبھی نہیں بدلیں گے، کچھ نہیں ہو سکتا، ہم غریب ہی رہیں گے اور ہم ہار چکے ہیں، تو دراصل وہیں سے اس کی تنزلی اور ذہنی موت کا سفر شروع ہو جاتا ہے۔ جسمانی موت تو زندگی کا ایک اٹل اور حتمی فیصلہ ہے جو صرف ایک بار آتی ہے، لیکن فکری اور ذہنی موت ایک ایسا مسلسل عمل ہے جو ناامیدی کی وجہ سے روزانہ دہرایا جاتا ہے۔ جو شخص یا جو قوم روزگار، حالات یا مشکلات کے سامنے ہار مان لیتی ہے، وہ ہر گزرتے دن کے ساتھ اندر سے مرتی چلی جاتی ہے۔ دشمن کی اصل سازش بھی یہی ہوتی ہے کہ وہ آپ کو جسمانی طور پر ختم کرنے کی بجائے آپ کے اندر موجود حوصلے کو مار دے، آپ کو اپنے ہی عزائم سے مایوس کر دے اور آپ کو خود اپنے ہی خیالات کا قیدی بنا دے۔ جب انسان فکری طور پر مفلوج ہو جاتا ہے تو وہ خود بخود خوف کا اسیر اور غلام بن جاتا ہے۔ بلوچستان کے خطے میں بھی اس مکروہ کھیل کے ذریعے کبھی خوف، کبھی معاشی محرومی اور کبھی جبر کے ہتھکنڈوں سے انسانوں کے عزم کو توڑنے کی کوشش کی جاتی ہے، تاکہ یہاں کے باسیوں کی فکری آزادی سلب ہو سکے۔ لیکن حقیقت یہی ہے کہ جس کی سوچ زندہ ہے، اسے کوئی طوفان زیر نہیں کر سکتا، اور جس کی سوچ مر جائے، اسے دنیا کی کوئی طاقت نہیں بچا سکتی۔ قرآنِ حکیم نے بھی اسی حقیقت کو واضح کرتے ہوئے مومنین کے حوصلوں کو بلند رکھا اور ہدایت دی کہ نہ سست پڑو اور نہ ہی غم کرو، کیونکہ اگر تم فکری و ایمانی اعتبار سے مضبوط ہو تو بلند و بالا رہو گے۔ اللہ تعالیٰ نے یہ کبھی نہیں فرمایا کہ زندگی میں مشکلات یا دشمن کا سامنا نہیں ہوگا، بلکہ یہ اصول طے کیا کہ حالات کتنے ہی پرآشوب کیوں نہ ہوں، انسان کی فکری توانائی کمزور نہیں پڑنی چاہیے۔ آج ہمیں اپنے اندر ایک نئے عزم کو بیدار کرنا ہوگا کہ ہم حالات کے جبر کے آگے گھٹنے نہیں ٹیکیں گے۔ ہمیں دشمن کی طاقت سے زیادہ اپنی فکری کمزوری سے خوف زدہ ہونا چاہیے، کیونکہ معدنی دولت زمین کے اندر چھپی ہوتی ہے جبکہ اصل امن اور سکون انسان کے اپنے ذہن کی وسعت میں پایا جاتا ہے۔ زندگی کا دار و مدار بھی دراصل مائنڈ سیٹ پر ہے؛ جس کا شعور اور وجدان زندہ ہے، وہی دراصل حیاتِ جاوداں کا حامل ہے، جبکہ شکست خوردہ سوچ والا شخص زندہ لاش کے مترادف ہوتا ہے۔ جب تک آپ خود دل سے شکست تسلیم نہیں کرتے، کوئی بیرونی طاقت آپ کو شکست سے دوچار نہیں کر سکتی، لہٰذا اپنے اندر موجود فکری توانائیوں کو جلا بخشیں اور ایک روشن مستقبل کی طرف قدم بڑھائیں۔

Web Desk

Comments are closed.