عسکر انٹرنیشنل رپورٹ
اسلام آباد:
وفاقی وزیر برائے قومی ورثہ و ثقافت ڈویژن اورنگزیب خان کچھی نے اسلام آباد میں جمہوریہ تاجکستان کی ثقافت کی وزیر محترمہ ستوریون متلوباخون امون زادہ کی قیادت میں آئے اعلیٰ سطحی ثقافتی وفد سے ملاقات کی۔
ملاقات میں پاکستان اور تاجکستان کے درمیان ثقافتی تعاون، قومی ورثے کے تحفظ، فنونِ لطیفہ اور عوامی روابط کے فروغ پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں فریقین نے ثقافتی تبادلوں، مشترکہ نمائشوں، تعلیمی تعاون اور ثقافتی میلوں میں باہمی شرکت کے امکانات پر گفتگو کی۔
وفاقی وزیر اورنگزیب خان کچھی نے کہا کہ پاکستان ثقافتی سفارتکاری کو فروغ دینے اور وسطی ایشیائی ممالک کے ساتھ تعلقات کو مضبوط بنانے کا خواہاں ہے۔ انہوں نے دونوں ممالک کے درمیان مشترکہ تاریخی و ثقافتی ورثے کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ ثقافتی تعاون کے فروغ سے دوطرفہ تعلقات مزید مستحکم ہوں گے۔
تاجک وزیر ثقافت محترمہ ستوریون متلوباخون امون زادہ نے پاکستانی مہمان نوازی کو سراہتے ہوئے ثقافت، ورثے کے تحفظ اور فنون کے شعبوں میں تعاون بڑھانے میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔
دونوں جانب سے مستقبل میں ثقافتی منصوبوں کو باضابطہ شکل دینے اور روابط جاری رکھنے پر اتفاق کیا گیا۔
Comments are closed.