عسکر انٹرنیشنل رپورٹ
پشاور، 17 دسمبر 2025: وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی نے زمونگ کور گرلز کیمپس اور ویمن کرائسز سنٹر کا اچانک دورہ کیا، جہاں انہوں نے مقیم بچیوں سے ملاقات کی، ان کے مسائل سنے اور فوری حل کے احکامات جاری کیے۔
حکومت کے عزم کو اجاگر کرتے ہوئے سہیل آفریدی نے کہا، “بچوں کی دیکھ بھال ریاست کی آئینی، اخلاقی اور انسانی ذمہ داری ہے۔” دورے کے دوران فلو میں مبتلا بچیوں کے لیے موقع پر ہی ڈاکٹروں کو طلب کیا گیا اور طبی معائنہ کروایا گیا۔
وزیراعلیٰ نے بچیوں کی پسند کے مطابق مینو ترتیب دینے اور معیاری خوراک کی فراہمی کی ہدایت دی۔ انہوں نے یتیم اور بے سہارا بچیوں کی تعلیم، تربیت اور فلاح و بہبود کو صوبائی حکومت کی اولین ترجیح قرار دیا۔
سہیل آفریدی نے ہنگامی بنیادوں پر واٹر گیزر، ہیٹر، جوتے، گرم کپڑے اور سویٹر فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ جھولے، کھلونے، کمپیوٹر لیب، پینٹنگ اور تفریحی سامان فراہم کرنے کی بھی ہدایت کی۔ انہوں نے زمونگ کور اسکول کی اپ گریڈیشن اور گرلز کیمپس کے لیے نئی عمارت کی یقین دہانی بھی کرائی۔
Comments are closed.