سبی پولیس کی بڑی کارروائی، 18 چوری و ڈکیتی شدہ موٹر سائیکلیں، 6 اسمارٹ فونز اور منشیات برآمد
عسکر انٹرنیشنل رپورٹ
سید عباس چشتی کی رپورٹ
سبی: سبی پولیس نے ایک اہم اور کامیاب کارروائی کے دوران چوری اور ڈکیتی میں استعمال ہونے والی 18 موٹر سائیکلیں اور 6 اسمارٹ فونز برآمد کر لیے۔ کارروائی کی تفصیلات سے آگاہ کرنے کے لیے سٹی تھانہ سبی میں پریس کانفرنس منعقد کی گئی، جس سے ایس ڈی پی او سبی اشرف جمالی، ایس ایچ او سٹی غلام علی ابڑو، انسپکٹر راجہ وقاص اور سب انسپکٹر سید منور شاہ نے خطاب کیا۔ اس موقع پر چیئرمین میونسپل کمیٹی سبی سردار محمد خان خجک اور دیگر افسران بھی موجود تھے۔
پریس کانفرنس میں بتایا گیا کہ گزشتہ روز ایک کم عمر بچے کو چوری کی واردات میں سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد سے گرفتار کیا گیا۔ دورانِ تفتیش ملزم کی نشاندہی پر قریبی گاؤں کے نزدیک خانہ بدوشوں کی جھگیوں پر چھاپہ مارا گیا، جہاں سے 18 موٹر سائیکلیں اور 6 اسمارٹ فونز برآمد کیے گئے۔
ایس ڈی پی او اشرف جمالی نے مزید بتایا کہ پولیس نے نارکوٹکس ایکٹ کے تحت ملزم ذاہد ہاڑہ سے 1010 گرام پختہ چرس برآمد کر کے مقدمہ درج کر لیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حالیہ ہفتوں میں چوری اور ڈکیتی کی وارداتوں میں اضافہ ہوا تھا، تاہم مؤثر حکمت عملی کے تحت پولیس نے کامیاب کارروائیاں کر کے اپنا مورال بلند کیا ہے۔
چیئرمین میونسپل کمیٹی سردار محمد خان خجک نے پولیس کی اعلیٰ کارکردگی کو سراہتے ہوئے اہلکاروں کو 50 ہزار روپے نقد انعام دیا۔
Comments are closed.