کراچی (اسٹاف رپورٹر) سندھ کے سینئر وزیر اور صوبائی وزیر برائے اطلاعات، ٹرانسپورٹ و ماس ٹرانزٹ شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ دریائے سندھ میں طغیانی کے باعث متاثرہ عوام کو ہر ممکن ریلیف فراہم کرنے کے لیے حکومت سندھ بھرپور اقدامات کر رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ریلیف کیمپس میں مقیم افراد کو خوراک، طبی امداد اور دیگر بنیادی سہولتیں فراہم کی جا رہی ہیں جبکہ ریسکیو ٹیمیں کچے کے علاقوں میں مسلسل سرگرم ہیں تاکہ کوئی شہری مشکل میں اکیلا نہ رہے۔
شرجیل انعام میمن نے بتایا کہ وزیراعلیٰ سندھ کی ہدایت پر انتظامیہ اور متعلقہ ادارے 24 گھنٹے کام کر رہے ہیں۔ متاثرہ آبادی کے جان و مال اور مویشیوں کو بچانا حکومت کی اولین ترجیح ہے، اسی لیے بڑے پیمانے پر جانوروں کی ویکسینیشن اور علاج کا سلسلہ جاری ہے۔
سینئر وزیر کے مطابق گزشتہ 36 گھنٹوں کے دوران مزید 1,557 افراد کچے کے علاقوں سے محفوظ مقامات پر منتقل کیے گئے، جس کے بعد اب تک منتقل ہونے والے افراد کی مجموعی تعداد ایک لاکھ 85 ہزار 550 ہو گئی ہے۔ متاثرہ عوام کے لیے 528 ریلیف کیمپ قائم کیے گئے ہیں جن میں سے 17 فعال ہیں، جہاں اس وقت 786 افراد مقیم ہیں۔
انہوں نے مزید بتایا کہ طبی سہولتوں کے لیے 144 موبائل اور فکسڈ ہیلتھ یونٹس کام کر رہے ہیں، جن میں گزشتہ 36 گھنٹوں کے دوران 8 ہزار 810 مریضوں کا علاج کیا گیا، یوں مجموعی طور پر علاج کرانے والوں کی تعداد ایک لاکھ 20 ہزار 597 تک پہنچ گئی ہے۔
لائیو اسٹاک کے حوالے سے جاری امدادی سرگرمیوں میں پچھلے 36 گھنٹوں کے دوران 2 ہزار 833 جانوروں کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا، جس کے بعد اب تک منتقل ہونے والے جانوروں کی مجموعی تعداد 4 لاکھ 86 ہزار 52 ہو گئی ہے۔ اسی عرصے میں 61 ہزار 707 جانوروں کو ویکسین اور علاج فراہم کیا گیا جبکہ مجموعی طور پر ویکسینیشن اور علاج پانے والے جانوروں کی تعداد 14 لاکھ 97 ہزار 765 تک پہنچ چکی ہے۔
Comments are closed.