وفاقی وزیر انجینئر امیر مقام نے بیٹنگ کر کے دوسری RISJA انٹرمڈیا کرکٹ ٹورنامنٹ کا افتتاح کر دیا

0

اسلام آباد(نمائندہ خصوصی)راولپنڈی اسلام آباد اسپورٹس جرنلسٹس ایسوسی ایشن  اور سی ڈی اے کے زیر اہتمام دوسری انٹرمڈیا کرکٹ ٹورنامنٹ کی افتتاحی تقریب اسلام آباد میں منعقد ہوئی، جس میں وفاقی وزیر برائے کشمیر و گلگت بلتستان انجینئر امیر مقام نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔

وفاقی وزیر انجینئر امیر مقام نے بیٹنگ کر کے ٹورنامنٹ کا باقاعدہ افتتاح کیا، جس کے بعد افتتاحی میچ جیو نیوز اور چیئرمین سی ڈی اے الیون کے درمیان کھیلا گیا۔

افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے ٹورنامنٹ کے انعقاد کو ایک مثبت اور خوش آئند قدم قرار دیا اور کہا کہ صحافی برادری نہ صرف قلم کے محاذ پر فعال ہے بلکہ میدانِ کھیل میں بھی سرگرمِ عمل نظر آتی ہے، جو معاشرے میں صحت مند سرگرمیوں کے فروغ کا عملی ثبوت ہے۔

انہوں نے آپریشن بنیان المرصوص کے دوران میڈیا کے کردار کو سراہتے ہوئے بھارت کو منہ توڑ جواب دینے پر وزیراعظم محمد شہباز شریف اور چیف آف آرمی سٹاف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی تعریف کی، انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنی افواج پر فخر ہے۔

انجینئر امیر مقام کا کہنا تھا کہ”کھیل ہمیں یکجہتی، برداشت، ٹیم ورک اور مثبت سوچ سکھاتے ہیں۔ جیت یا ہار اپنی جگہ، اصل کامیابی کھیل کے جذبے میں ہے جو ہمیں ایک سچا چیمپئن بناتا ہے۔”

انجینئر امیر مقام کا کہنا تھا کہ حکومت نوجوانوں، صحافیوں اور کھلاڑیوں کے لیے ہر ممکن تعاون فراہم کرنے کے لیے پُرعزم ہے، اور کھیلوں کی ترقی کے لیے وزیرِ اعظم کی قیادت میں جامع اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

انہوں نے تجویز پیش کی کہ ایسی سرگرمیوں کا اہتمام کرنے کے لیے صحافیوں اور سیاست دانوں کی کرکٹ ٹیم ہونی چاہیے۔

قبل ازیں گراؤنڈ پہنچنے پر وفاقی وزیر کا پرتپاک استقبال کیا گیا۔ انہوں نے دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں سے ملاقات کی۔

افتتاحی تقریب میں معروف سینئر صحافی اور نیوز اینکر حامد میر بھی موجود تھے،
بطور کھلاڑی وہ اپنی ٹیم کی نمائندگی کر رہے تھے۔

ٹورنامنٹ کمیٹی کے چیئرمین راجہ محسن اعجاز اور سیکرٹری ایاز اکبر یوسفزئی نے شرکاء کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ اس ٹورنامنٹ کو ہر سال باقاعدگی سے منعقد کیا جائے گا تاکہ صحافی برادری میں کھیلوں کے فروغ کو یقینی بنایا جا سکے۔

تقریب میں راولپنڈی اسلام آباد اسپورٹس جرنلسٹس ایسوسی ایشن کے اراکین، مختلف میڈیا اداروں کے نمائندگان، کھلاڑیوں، اور سماجی شخصیات نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

Web Desk

Comments are closed.