جن کے ویزے پروٹیکٹر ہو چکے ہیں انہیں پاکستان کے کسی ایئرپورٹ سے آف لوڈ نہیں کیا جائے گا، محمد افضال بھٹی

4

کراچی/ الخبرسعودیہ عرب( ) اوورسیز پاکستانیز فاؤنڈیشن (او پی ایف) کے مینجنگ ڈائریکٹر محمد افضال بھٹی نے کہا ہے کہ جن افراد کے ویزے پروٹیکٹر ہو چکے ہیں، انہیں پاکستان کے کسی بھی ایئرپورٹ سے آف لوڈ نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے واضح کیا کہ او پی ایف سمندر پار پاکستانیوں کے حقوق کے تحفظ اور انہیں ہر ممکن سہولیات فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔ یہ بات انہوں نے سعودی عرب کے شہر الخُبر میں منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی، جس میں پاکستانی کمیونٹی کے مرد و خواتین کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ محمد افضال بھٹی نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان شہباز شریف اوورسیز پاکستانیوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں، اسی لیے موجودہ حکومت نے سمندر پار پاکستانیوں کے حقوق کے تحفظ کے لیے خصوصی عدالتیں قائم کی ہیں۔ انہوں نے مزید بتایا کہ مشرق وسطیٰ سمیت دیگر ممالک جانے والے افراد کے لیے اسکلڈ پروگرامز کا آغاز بھی کیا گیا ہے تاکہ ہنرمند پاکستانی بیرونِ ملک اپنی صلاحیتوں کا بہتر انداز میں مظاہرہ کر سکیں۔ تقریب کے دوران کمیونٹی مسائل کے حوالے سے سوال و جواب کا سیشن بھی منعقد کیا گیا، جس میں اوورسیز پاکستانیوں نے اپنے مسائل اور تجاویز پیش کیں۔ اس موقع پر افضال بھٹی اور احسان الحق باجوہ نے کمیونٹی کے مسائل، بالخصوص تعلیم کے شعبے میں نمایاں خدمات انجام دینے پر احسان اللہ بھٹی کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ تقریب کے آرگنائزر پاکستان انویسٹر فورم کے چیئرمین رانا جاوید اسلم، صدر رانا محمد اشرف، جنرل سیکرٹری احسان اللہ بھٹی، سینئر وائس پریذیڈنٹ عبدالصبور قریشی اور وائس چیئرمین حفیظ اللہ نے اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا کہ اوورسیز پاکستانیز کے مسائل حل کرکے اور انہیں بہتر سہولیات فراہم کرکے مزید متحرک اور فعال بنایا جا سکتا ہے، تاکہ وہ ملک کی خدمت میں اپنا کردار ادا کرتے رہیں۔مسلم لیگ (ن) سعودی عرب کے سرپرستِ اعلیٰ رانا محمد اشرف نے او پی ایف کی خدمات کو سراہا۔ اس موقع پر مقررین نے کمیونٹی کے لیے کاروباری اور سماجی شخصیات کی خدمات کی تعریف کی اور حکومتی وفد کا شکریہ ادا کیا۔

Web Desk

Comments are closed.